ہاکی کی بحالی، فیڈریشن نے ویژن 2020 متعارف کرادیا

ابتدائی مرحلے میں کلب گیمزکوڈسٹرکٹ، ڈویڑن، صوبائی اور قومی سطح پر متعارف کرایا جائیگا، نوید عالم

ہفتہ 24 ستمبر 2016 18:27

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی بحالی کیلیے ویژن2020 متعارف کرادیا، ماضی کے سنہری دور کو واپس لانے اور مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی بڑی کھیپ تیار کرنے کیلیے ابتدائی مرحلے میں کلب گیمز کو ڈسٹرکٹ، ڈویڑن، صوبائی اور قومی سطح پر متعارف کرانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ ڈومیسٹک نوید عالم کے مطابق درست سمت میں سفر کا آغاز کردیا گیا، پی ایچ ایف کا ویڑن 2020 قومی کھیل کے شاندار دور کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا، تفصیلات کے مطابق ہاکی واحد کھیل ہے جس نے دنیا بھر میں پاکستان کو سب سے زیادہ میڈلز دلائے ہیں، گرین شرٹس کو3بار اولمپکس اور4 بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

حالات نے ایسا پلٹا کھایا کہ عالمی سطح پر فتح کی علامت سمجھے جانے والی قومی ٹیم سے فتح وکامرانی روٹھ گئی اور اعزازات ایک ایک کر کے ہاتھوں سے پھسلتے گئے، 1994کے بعد سے ٹیم دوبارہ ورلڈکپ جیتنے میں سرخرو نہیں ہو سکی،اب تو صورتحال یہ ہے کہ عالمی کپ کے بعد اولمپکس کی دوڑ سے بھی باہر ہوچکی ہے، پاکستانی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ سمجھتی ہے کہ کھلاڑیوں کی بڑی کھیپ کے بغیر دوبارہ دنیائے ہاکی پر راج کرنا ممکن نہیں، اس حوالے سے فیڈریشن حکام کی طرف سے ویڑن2020 متعارف کرایا گیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں ڈسٹرکٹ سے قومی سطح پر انٹرکلب ہاکی ٹورنامنٹ کرانے کا پروگرام بنایا گیا جس کے کو آرڈنیٹر ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ ڈومیسٹک نوید عالم ہونگے، شیڈول کے مطابق ڈویڑنل انٹرکلب مقابلے3 سے10نومبر تک شروع ہونگے، صوبائی انٹرکلب مقابلے 14تا21 نومبر تک شیڈول ہیں جبکہ قومی سطح کے انٹرکلب ہاکی مقابلے24 نومبرسے شروع ہو کر2دسمبر تک جاری رہیں گے، قومی سطح کے مقابلوں میں کے پی کے کی3 ٹیمیں اور پنجاب کی ٹاپ 4 ٹیمیں شرکت کرنے کی مجاز ہوں گی، اس طرح بلوچستان کی ٹاپ 2، سندھ کی ٹاپ3 ٹیمیں جبکہ اسلام آباد، اے جے کے، گلگت بلتستان اور فاٹا کی ایک ایک ٹیم شریک ہوگی۔۔

متعلقہ عنوان :