ایسا کام کر کے جاوٴنگا کہ اسے واپس کرنا مشکل ہوجائے گا،وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 24 ستمبر 2016 16:31

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 ستمبر۔2016ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین میں وزیراعلیٰ کا اختیار تحریر ہے اس سے تجاوز نہیں کرسکتا لیکن ایسا کام کر کے جاوٴں گا کہ اسے واپس کرنا مشکل ہوجائے گا۔ہفتہ کو سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں عوام نے منتخب کر کے اسمبلیوں میں بھیجا ہے اور عوام نے جس مقصد کے لئے منتخب کیا اس کے مطابق کام کریں گے، وزرائے اعلی کا اختیار آئین میں موجود ہے اس سے تجاوز نہیں کرسکتا لیکن ایسا کام کر کے جاوٴں گا کہ اسے واپس کرنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے 200 ارب کے ترقیاتی بجٹ میں سے 70 ارب روپے خرچ کرچکے ہیں اور صرف گزشہ ڈھائی ماہ میں 18 ارب روپے خرچ کئے، ہر وزیر اپنے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات دے گا اورعوام کو سندھ حکومت کی ویب سائٹ پر ہر اسکیم کی اطلاع بھی مل جائے گی۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہرکام وزیر اعلی نہیں کرسکتا، ہرفرد اپنی جگہ اپنا کام کرے اور ایسا ماحول بنایا جائے کہ ہرسرکاری افسرو ملازم عوامی خدمت کا جذبہ لے کر اپنی ذمہ داری کو سمجھے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو قانون کے مطابق تمام مالی اور انتظامی اختیارات دیئے جائیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے، 2010 کے سیلاب کے متاثرین بڑی تعداد میں سکھر میں آکر آباد ہوئے سکھر بیراج میں دنیا کا سب بڑا بحری نظام ہے اور یہاں دنیا کی سب سے بڑی ایری گیشن سکیم ہے، اس شہرکو ملک کا سب سے خوبصورت شہر بنایا جا سکتا ہے لیکن ماضی میں اس شہر کا خیال اس طرح سے نہیں رکھا گیا جس طرح اس کا حق تھا اور اس پر بالکل توجہ نہیں دی گئی۔

متعلقہ عنوان :