صوبہ پنجاب اور سری لنکا کے مابین تعاون کے مختلف امکانات پر غور کے لئے ورکنگ گروپ کی تشکیل

ہفتہ 24 ستمبر 2016 16:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 ستمبر۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے دورہ سری لنکا میں متوقع طور پر طے ہونے والے باہمی معاہدوں کے تکنیکی پہلوؤں پرغور و خوض کے حوالے سے حکومت پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں سول سیکرٹریٹ لاہورمیں منعقد ہوا ۔

وزیراعلی کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے خصوصی طور پر ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی ”گروتھ سٹرٹیجی “ کے مختلف اہم پہلوؤں کے بارے میں تیار کی گئی تفصیلی پریذینٹیشن کا جائزہ لیا جس میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکاکی حکومت ترقیاتی امور میں تیزی لانے کے لئے حکومت پنجاب کی کامیاب حکمت عملی سے کیسے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ورکنگ گروپ کے اجلاس میں اس بات کو سراہا گیا کہ سری لنکا میں بھر پور کامیابی کے ساتھ رائج تعلیمی نظام اور خاص طور پرٹیچرز ٹریننگ کے شعبہ میں قابل تقلید کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اورحکومت پنجاب اپنے دوست ملک سری لنکا کے تجربات سے استفادہ کر کے اپنے موجودہ نظام تعلیم میں دور رس اہمیت کی انتظامی اور تکنیکی اصلاحات لا سکتی ہے- انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا پاکستان کی وفاقی حکومت اور پنجاب کی صوبائی حکومت دونوں کے بہترین مفاد میں ہو گا -ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے خصوصی کیبنٹ کمیٹی کے ارکان پر زور دیاکہ ٹور زم کے شعبے میں کامیاب حکمت عملی کے حوالے سے سری لنکا اور پاکستان خاص طور پر صوبہ پنجاب کے ساتھ اشتراک عمل کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اپنے دورہ سری لنکا کے دوران ٹورازم کے شعبے میں انقلابی نوعیت کے اقدامات پر مبنی باہمی تعاون کے سمجھوتوں کو حتمی شکل دے سکیں - انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں شرح خواندگی 96 فیصد سے زیادہ ہے اور وہاں کے پڑھے لکھے لوگوں کی تعلیمی قابلیت بھی نہایت اچھی ہے -ہمارے ماہرین کو بھی چاہیے کہ اس سلسلے میں سری لنکا کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لائحہ عمل کی تیاری میں حکومت پنجاب کو ضروری ڈیٹا فراہم کریں - صوبے میں وائلڈ لائف کی حفاظت اورلاہور کے چڑیا گھر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر انداز میں چلانے کے لئے سری لنکا سے تعاون کے امکانات پر بھی کمیٹی کے اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا -اجلاس میں سیکرٹری آئی اینڈ سی فراست اقبال،سیکرٹری یوتھ افیئرز،سپورٹس اینڈ ٹورازم پنجاب نیئر اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عمران سکندر بلوچ ،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سلمان شاہد اور ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سلمان یوسف کے علاوہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے افسران اورکمیٹی کی رکنیت رکھنے والے دیگر محکموں ٹورزم ،سپورٹس،یوتھ ا فےئرز،زراعت ،جنگلات،بہبود آبادی،صحت،وائلڈ لائف اور ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :