فاٹامیں پائیدار امن اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،اقبال ظفرجھگڑا

ہفتہ 24 ستمبر 2016 16:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 ستمبر۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فاٹامیں پائیدار امن ،دہشت گردی کے خاتمے سمیت ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی وبحالی ،ان علاقوں کی آباد کاری اورخاص طورپرتعلیم ،صحت اورانفراسٹرکچرکی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔فاٹا میں تعمیرنو کے ساتھ ساتھ ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور نومبر کے آخر تک تمام ٹی ڈی پیز کی واپسی کاسلسلہ مکمل ہوجائیگا۔

گورنرنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کی ہدایت پر قبائلی عوام کی مرضی اورمشاورت سے فاٹامیں اصلاحات لارہے ہیں۔قبائلی عوام پر کوئی بھی فیصلہ مسلط نہیں کیاجائیگا اورانہیں اصلاحاتی اور ترقیاتی عمل میں ہرسطح پر مشاورت میں شامل کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز پشاور میں ایلومینئی ایسوسی ایشن آف نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے زیراہتمام" فاٹااورخیبرپختونخوا میں امن وترقی " کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر، سول سوسائٹی اورایلومینئی ایسوسی ایشن کے نمائندے موجود تھے۔ گورنرنے ایلومینئی ایسوسی ایشن کی طرف سے"فاٹا اورخیبرپختونخوامیں امن اورترقی "کے عنوان پرمنعقدہ ورکشاپ اورخدمات کو سراہا۔اس موقع پرگورنرنے ایلومینئی ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹی ڈی پیز سیکرٹریٹ کیلئے 1 کروڑ46 لاکھ 13 ہزار84 روپے کاچیک بھی دیا۔

سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت خطے میں امن لوٹ آیا ہے اور اب ہم تعمیروترقی کے سفرپر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف فاٹا بلکہ پورے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اورملکی امن واستحکام کیلئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوران کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا میں تعمیرنو کے ساتھ ساتھ ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل کامیابی سے جاری ہے اب تک3لاکھ50ہزارخاندان بخیریت اپنے آبائی علاقوں کوواپس جاچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ خاندانوں کی واپسی کے حوالے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور نومبر کے آخرتک تمام ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی کاسلسلہ مکمل ہوجائیگا۔ فا ٹا میں تباہ شدہ انفراسٹرکچرکی بحالی کیلئے8بلین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ گورنر اقبال جھگڑا نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کے امن سے اس پورے خطے کا امن وابستہ ہے اورپائیدار امن کے قیام کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ۔