انڈین و غیر ملکی مواد 10فیصد تک چلے،پیمرا کا ٹی وی چینلز کو یاد دہانی کے لیے مراسلہ

ہفتہ 24 ستمبر 2016 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 ستمبر۔2016ء ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک مراسلہ جاری کیا جس میں تمام پرائیویٹ ٹی وی چینلز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی روزانہ کی نشریات جس کا دورانیہ 24گھنٹوں پر مشتمل ہے کے دوران انڈین و غیر ملکی موادپیمرا قوانین میں بیان کی گئی مقررہ حد کے مطابق چلائیں گے جو کہ 10فیصد ہے۔

پیمرا قوانین اور لائسنس کی شرائط و ضوابط جو کہ تمام لائسنس یافتگان سے دستخط شدہ ہیں کی شق 7.2اور ریگولیشیز کی شق 18 کے تحت ٹی وی چینلز پابند ہیں کہ وہ 10فیصد سے زائد غیر ملکی و انڈین مواد نہیں چلائیں گے۔ جس کے تحت4 فیصد انگریزی اور 6 فیصد انڈین یا کسی بھی اور غیر ملکی زبان میں مواد چلانے کی اجازت ہے۔ تاہم مشاہدے کے مطابق ٹی وی چینلز10 فیصد سے کہیں زیادہ غیر ملکی مواد چلا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے اس ضمن میں ایک مراسلہ2ستمبر2016ءء کو جاری کیا تھا جس میں انہی احکامات کا تذکرہ تفصیلاً کیا گیا تھا۔ گذشتہ روز دوبارہ یاد دہانی کے لیے ٹی وی چینلز کو ایک اور مراسلہ جاری کیا گیا ہے تا کہ 15اکتوبر2016ءء تک تمام ٹی وی چینلز ضروری اقدامات کر لیں اور نشریات میں انڈین و غیر ملکی مواد 10فیصد کی حد تک کر لیں تا کہ کسی بھی پریشانی کا سامنا کرنے سے بچ سکیں۔پیمرا قوانین کے تحت پیمرا آرڈنینس کی شق 29اور 30کے تحت اتھارٹی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ٹی وی چینل کو 10لاکھ تک جرمانہ (کسی ایک خلاف ورزی پر)اور جاری شدہ لائسنس کی معطلی یا منسوخی کی مجاز ہے لہٰذاتمام ٹی وی چینلز کو ایک ماہ سے زائد کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ اپنی نشریات قانون کے تحت ترتیب دے لیں۔

متعلقہ عنوان :