چمن ،پشتون قبائل کا بھارتی دھمکیوں ،اشتعال انگیزیوں کیخلاف احتجاج ، بھارتی حکومت، نریندر مودی کیخلاف نعرے بازی

بھارت جان لے پاکستان برما نہیں،کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے، قبائلی رہنماء

ہفتہ 24 ستمبر 2016 14:26

چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 ستمبر۔2016ء) چمن میں پشتون قبائل نے بھارتی دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں کیخلاف احتجاج کیا اور ریلی نکالی،قبائلیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بھارتی دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں کیخلاف ہزاروں پشتون سرحدی قبائل نے ڈی سی کمپلیکس چمن سے چمن پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی ،مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھارکھے تھے جس پر بھارت مخالف نعرے درج تھے ،مظاہرین نے بھارتی حکومت ، نریند مودی کیخلاف اور ”بھارت جان لے پاکستان برما نہیں“ کے نعرے لگائے۔

پشتون قبائلی رہنماؤں نے کہا کہ بھارت جان لے ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کر دیا،اس موقع پر قبائلیوں نے حلف لیتے ہوئے کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مغربی سرحد کے پشتون قبائل سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑینگے۔