سچوان پاک چین تعلقات میں مرکزی حیثیت اختیار کر گیا ہے

پاکستان کا کثیر المقاصد جنگی طیارہ جے ۔17تھنڈ ر بھی یہیں تیار کیا گیا تھا پاکستان اورچین کے تجارتی اورفوجی تعلقات میں چینگ ڈو کا اہم کردار ہے پنجاب اورسچوان کو گذشتہ سال جڑواں صوبے قرارد دیا گیا ہے ، قونصل جنرل آمنہ بلوچ

ہفتہ 24 ستمبر 2016 13:55

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 ستمبر۔2016ء) چینی صوبہ سچوان پاکستان اور چین کے فوجی ، سماجی اور اقتصادی دوطرفہ تعاون کے سلسلے میں ایک بڑے مرکزکی حیثیت اختیار کر گیا ہے ، پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کرنے والی بڑی کمپنیاں سچوان کے علاقے چینگ ڈو سے تعلق رکھتی ہیں جن کی وجہ سے پاکستان اور چین کے فوجی اور تجارتی تعلقات کو فروغ حاصل ہورہا ہے ۔

سرکاری ذرائع کے مطابق چینگ ڈو میں منعقد ہونے والی حالیہ کانفرنس میں اس بات کا اظہار کیا ہے کہ یہ صوبہ سماجی اقتصادی ترقی اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لئے کام کررہا ہے ، چینگ ڈو میں پاکستان کی قونصل جنرل آمنہ بلوچ نے اس سلسلے میں سچوان اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کے درمیان براہ راست مذاکرات کے مواقع فراہم کئے ہیں اور سچوان کی کارپوریشنوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افرائی کی ہے جس کے نتیجے میں پنجاب اورسچوان کو جڑواں صوبے قراردیا گیا ، جب سے امریکہ نے 1985ء میں چینگ ڈو میں اپنا قونصلیٹ جنرل آفس قائم کیا ہے ، پاکستان سمیت سولہ ممالک نے بھی اس شہر میں اپنے قونصلیٹ آفس قائم کئے ہیں ، ان تمام ممالک نے چین کے جنوب مغربی شہر کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدددی ہے ، یہ ملک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے تعلق رکھنے کے باعث چین کے ساتھ اپنے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنانے کے قابل ہو گئے ہیں ، سچوان کا یہ شہر ایک ایسے محل وقو ع میں واقع ہے جہاں چینی صدر شی جن پنگ کی 2013ء میں تجویز کئے گئے منصوبے بین الاقوامی رابطے ، تعاون اور ترقی میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں ،سچوان میں 90سے زیادہ قصبے ایسے ہیں جنہیں یورپی شہروں کے ساتھ جڑواں شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ پانچ سو سے زیادہ یورپی کارپوریشنوں میں سچوان میں سرمایہ کاری کررکھی ہے ، سچوان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی بین الاقوامی شہرت کا حامل صوبہ ہے اور اب وہ اپنی پیداوار میں اضافے کیلئے نئی ایجادات کیلئے کام کررہا ہے ، چینگ ڈو میں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے بھی بڑی تاریخی مقامات موجود ہیں ، یہ شہر قدیم ثقافتی ورثے کے حوالے سے معروف ہے ، حکومت پنجاب نے گذشتہ سال چینگ ڈو کے ساتھ رواں شہر کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے ، اس معاہدے کے تحت دونوں صوبے تعلیم ، ثقافت ، کھیل ،نوجوانوں کے امور ، شہری منصوبہ بندی ،نکاسی آب کے نظام ، بنیادی ڈھانچے ، ماحولیات ، صحت عامہ اور تجارتی اور صنعتی وفود کے تبادلے کریں گے جہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ پاکستان کا معروف کثیر المقاصد جنگی طیارہ جے ۔

(جاری ہے)

17تھنڈر بھی چین اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے اسی شہر میں تیار کیا گیا تھا ، اس کی تعمیر 1999ء میں شروع کی گئی تھی اور اس کے زیادہ تر حصے چینی شہر چینگ ڈو میں تیار کئے گئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :