جنگ آسان بات نہیں ،بھارت ذہن نشین کرلے۔ ریاست کو چیلنج ہوتو عوام اورسیاستدان ایک ہی پلیٹ فارم پر ہیں،بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے۔ خورشید شاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 24 ستمبر 2016 13:52

جنگ آسان بات نہیں ،بھارت ذہن نشین کرلے۔ ریاست کو چیلنج ہوتو عوام اورسیاستدان ..

سکھر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جنگ آسان بات نہیں ،بھارت ذہن نشین کرلے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ریاست کو چیلنج ہوتو عوام اورسیاستدان ایک ہی پلیٹ فارم پر ہیں،بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے درست موقف پیش کیا۔ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم یکجا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے درست موقف پیش کیا لیکن وزیراعظم نے امریکا جانے سے پہلے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر ہماری خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اس ناکامی کی بڑی وجہ مستقل وزیر خارجہ کا نہ ہونا ہے، ہمارے وزارت خارجہ کے 2 مشیر ہیں جو اپنی اپنی باتیں کر رہے ہیں، وزارت خارجہ بتائے کہ کشمیر کے مسئلے پر کیا کام ہو رہا ہے اور عالمی برادری کو کیا بتایا گیا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ریاست کو چیلنج درپیش ہوا توعوام اور سیاستدان ایک ہی پلیٹ فارم پر ہوں گے، بھارت یہ بات ذہن نشین کرلے کہ جنگ اتنی آسان نہیں، اگر بھارت نے جنگ میں پہل کی تو اسے پاکستان کی جانب سے ہر محاذ پر سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔