ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میری اولین ترجیح ہے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل

افسران ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ادارے کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے نظم و ضبط اور پابندی وقت کو اپنا شعار بنائیں

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی میری اولین ترجیح ہے۔ افسران ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ادارے کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے نظم و ضبط اور پابندی وقت کو اپنا شعار بنائیں اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات کریں۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ جاتی سربراہان کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں مشیر مالیات آفاق مرزا،سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، لیگل ایڈوائزر سعید اختر، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر عبداللہ مشتاق، سینئرڈائریکٹر میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکس طارق نصیر، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد سمیت دیگر محکمہ جاتی سربراہان نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور اس کے تمام محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے عملی طور پر کام کرنا ہوگا کیونکہ ادارے کے ذرائع آمدنی انتہائی محدود ہوچکے ہیں اور گرانٹ میں کٹوتی کے باعث ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی انتہائی دشوار ہوچکی ہے جبکہ دیگر اخراجات کے لئے بھی فنڈز میسر نہیں ہیں لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے ذرائع آمدنی تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ریکوری میں اضافے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں اگر اس حوالے سے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی ضرورت ہو تو اس کے لئے بھی تجاویز مرتب کی جائیں۔

انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کو ہدایت کی کہ پبلک پارکس کی حالت زار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر میں سبزہ کاری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کیا جاسکے جبکہ انہوں نے مشیر قانون کو ہدایت کی کہ التواء میں پڑے ہوئے مقدمات پر خصوصی توجہ دی جائے اور محکمہ کچی آبادی شہر میں غیرقانونی کچی آبادیوں کی روک تھام کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :