وفاقی محتسب نے ضلع غربی میں سید انوارحیدر کو سینئر ایڈوائزرمحتسب تعینات کر دیا

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی ہدایت پر کراچی کے ضلع غربی میں سید انوارحیدر کو سینئر ایڈوائزرمحتسب تعینات کر دیا گیا ہے ۔سید انوار حیدر ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کے آفس میں کے الیکٹرک کے خلاف شہریوں کی شکایتوں کا ازالہ کریں گے ۔سید انوار حیدر نے غربی میں تعیناتی کا آرڈر ملتے ہی بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر ضلع غربی محمد آصف جمیل سے ملاقات کی اور انہیں وفاقی محتسب کے اختیارات و انتظامی طریقہ کار کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سرکاری اداروں کے حوالے سے عوامی شکایات پر انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اس سے قبل یہاں نادرا،ایف آئی اے ،پاکستان پوسٹ آفس سمیت دیگر وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے انصاف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر غربی محمد آصف جمیل نے وفاقی محتسب کے ادارے کی کوششوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سید انوار حیدر نے عوام الناس کی رہنمائی کے حوالے سے کہنا تھا کہ شہری اپنی درخواست یہاں براہ راست لیکر نہ آئیں شکایتوں کے ازالے کیلئے ضروری ہے کہ وہ پاکستان سیکریٹریٹ میں کے الیکٹرک اور وفاقی اداروں کے حوالے سے اپنی شکایت تحریری طور پر جمع کروائیں تب ہی ان درخواستوں پر غور ہو گا اور انصاف فراہم کیاجا سکے گا ۔