ڈینگی کی روک تھام کیلئے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت اہم اجلاس

تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے کٹس کی فراہمی اور اسپرے مہم فوری شروع کرنے کو یقینی بنایا جائے ، کمشنر کراچی

جمعرات 22 ستمبر 2016 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے شہر میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کا اجلاس اپنے دفتر میں طلب کرلیا ، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انتظامیہ کے افسران کے ساتھ اپنے روابط مضبوط کریں اور کوآرڈینیشن کے عمل کو بڑھائیں، انہوں نے اس موقعہ پر متعلقہ ادارے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے کٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے ، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی محمد اسلم کھوسو ، سیکریٹری صحت ، سیکریٹری لائیواسٹاک اینڈ فشریز کے نمائندوں ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ، میٹروپولیٹن کمشنر ،کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز ،پروگرام منیجر ڈینگی پروونیشن اینڈ کنٹرول پروگرام ڈاکٹر مسعود احمد سولنگی ، ڈائریکٹر جنرل پارکس کے ایم سی ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کراچی ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز حکومت سندھ ، ڈائریکٹر فشریز ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کراچی ، ڈائریکٹرزو اور تمام میونسپل کمشنر ز نے شرکت کی ، اجلاس میں کمشنر کراچی کو بتایا گیا کہ رواں سال 1108مریضوں میں ڈینگی کے ٹیسٹ مثبت پائے گئے اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں کے 190ٹائر شاپس کی حوضیوں کے پانی کو ٹیسٹ کرایا گیا تو 150ٹائر شاپس کے پانی میں لاروا پایا گیا ، کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام ٹائر شاپس میں روزانہ حوضیوں کے پانی کی تبدیلی کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ، انہوں نے کہا کہ چونکہ ڈینگی کے علاج کی کوئی ویکسین ابھی تک بنی نہیں ہے لہذا عوام میں ڈینگی سے بچاو کیلئے آگاہی اور شعور بیدار کیا جائے ، کمشنر کراچی نے کہا کہ ڈینگی سے بچاو ، احتیاطی تدابیر ،عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے سلسلے میں مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے انسانی جان بچانے اور فلاحی کاموں میں حصہ لینے کا جذبہ پیدا کریں کیونکہ یہ کام ہماری قانونی اور اخلاقی ذمے داری بھی ہے ، اس ذمے داری کو کامیابی سے نبھانے کیلئے تمام متعلقین اپنے آپ کو متحرک کریں ، اعجاز احمد خان نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی پرورش اور پھیلنے سے روکنے کیلئے فوری نوعیت کے اقدمات کی اشد ضرورت ہے جس میں فیومگیشن (اسپرے ) ٹائر شاپس اور سڑکوں و گلیوں میں جمع شدہ پانی میں گپی فش اور تلاپیہ مچھلیوں کی موجودگی ، وغیرہ جیسے اقدامات شامل ہیں ، علاج کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر خصوصی طور پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے ، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی محمد اسلم کھوسو کی سربراہی میں ایک جائزہ کمیٹی قائم کی گئی جس میں بلدیہ عظمی کراچی ، محکمہ صحت اور مختلف متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہونگے جو روزانہ کی بنیاد پر ایڈیشنل کمشنر کراچی کو کارکردگی ، رکاوٹ اور مشکلات کے حوالے سے رپورٹ پیش کرینگے جس کی روشنی میں ڈینگی بچاو اقدامات کو مزید مو ثر اورمربوط بنایا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :