Live Updates

عمران خان کو ٹیکسلا میں جلسہ عام سے روکنے کے الیکشن کمیشن کے احکامات باعث حیرت ہیں ، سردار یار محمد رند

جمعرات 22 ستمبر 2016 21:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدرسردار یار محمدرند نے ٹیکسلا میں پی ٹی آئی کے جلسہ میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو روکنے کے احکامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جمعرات کو جاری بیان میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ ٹیکسلا کے ضمنی انتخاب میں جہاں حکومتی مشینری واضح جانبدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی امیدوار کی مہم چلارہی ہے وہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حالیہ احکامات باعث حیرت ہیں اور بلاشبہ اس طرح کے اقدامات کمیشن کے اختیارات سے تجاوز کے عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا شروع ہی سے موقف رہا ہے کہ (ن) لیگ ،نادرا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت اہم اداروں پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور مجموعی ماحول کو 2018ء کے عام انتخابات کے تناظر میں ہموار کیا جارہا ہے تاکہ عوامی رائے دہی کی بجائے باری باری اقتدار کا کھیل کھیلنے والے کرپٹ عناصر غیر جمہوری اقدامات کے نتیجے میں عوام اور ملک پر مسلط رہیں اور غریبوں کا خون چوستے رہیں ۔

(جاری ہے)

سردار رند نے کہا کہ ٹیکسلاکے جلسہ عام میں عمران خان کوروکنے کے احکامات نے الیکشن کمیشن کی ظاہری غیر جانبداری کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے اور عوام پر واضح ہوگیا ہے کہ عوامی رائے دہی کے انعقاد کا ادارہ کس طرف مائل ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات