کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ،مسئلے کوحل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے ، میر امان اﷲ نوتیزئی معاون خصوصی وزیراعلی بلوچستان

جمعرات 22 ستمبر 2016 21:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سخی میر امان اﷲ نوتیزئی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور اس مسئلے کوحل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کو چھپانے کے لیے نریندرمودی اور اس کے حواری پاکستان پر جو بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں وہ قابل مذمت ہیں ۔

یہ بات انہوں نے دالبندین میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔وزریراعلیٰ کے معاون خصوصی میر امان اﷲ نوتیزئی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس مسئلے کو جس طرح سے اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے آج ہر کشمیری کی زبان پر آزادی کا نعرہ ہے اور بھارت جو کہ اپنے آپ کو جمہوریت کا چمپئن کہلاتا ہے وہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی اس آواز کو دبانے کے لیے جس طرح درندگی کا مظاہرہ کررہاہے اس سے اس کے مکروہ چہرے کا دنیا بھر کو علم ہوگیا ہے یہ بات واضح ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اس حق میں ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن بھارتی حکومت اور مودی سرکار جس طرح سے آزادی کی اس آواز کو دبانے کے لیے انسانی حقوق کی پامالی کررہے ہیں اور کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اس نے پوری دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ واضح کردیا لہٰذامقبوضہ کشمیر جو کہ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور رہے گا اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور وہاں ہونے والے بھارتی مظالم کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائیگی ۔