جرمنی کے سینئر جرنلٹس کے پانچ رکنی وفد کی وائس چانسلر جامعہ پشاور سے ملاقات

خیبر پختو نخوا اورفاٹالوگ امن پسند ہیں ،اپنے مذہب و ثقافت سے محبت رکھتے ہیں ،پروفیسرڈاکٹر محمد رسول جان

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) جرمنی کے سینئر جرنلٹس کے پانچ رکنی وفد نے وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسرڈاکٹر محمد رسول جان سے ملاقات کی اور اور خطے کے حالیہ حالات کے تناظر میں تعلیمی شعبے کو پیش آنے والے چیلنجز کے بارے میں ان سے بات چیت کی وفد کی قیادت ڈینئل ڈائلن کر رہے تھے جوکہ جرمنی کے ڈویچویلے ٹی وی کے فارن پالیسی اور سیکیورٹی کے شعبے کے صحافی ہیں جبکہ انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آبادکے نمائندے تیمور خان بھی پاکستان کی طرف سے ان کے ہمراہ تھے وفد سے بات چیت کے دوران وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور بالخصوص نوجوان طبقہ ان گنت چیلنجز کے باوجود عالمی شہری بننے کے بھر پور خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطہ گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی زد میں ہے مگر یہاں کے عوام اپنی علم دوستی، امن پسندی کی وجہ سے درپیش مسائل سے مقابلہ کر رہے ہیں اور بالاخر سرخرو ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناین الیوں کے بعد سے پاکستان اور افغانستان میں ایسے واقعات رو نما ہوئے جوکہ انسان دشمن اور نا قابل برداشت تھے تاہم ہماری قوم نے تعلیم کے ذریعے ترقی کا خواب کبھی بھی نہیں چھوڑا اور یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے ملک میں امن دوبارہ واپس آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ ابلاغ تمام ممالک کا ایک اہم ستون ہے اور بین القوامی میڈیا کو چاہئے کہ خیبر پختو نخوا کا دورہ کرے اور یہاں خود دیکھے کے یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اور اپنے مذہب و ثقافت سے محبت رکھتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ دوسروں کے مذاہب کا بھی اتنا ہی احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ میں طلبہ کو عالمی سطح پر امن و ترقی کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے تیار کیا جاتا ہے اور اس ضمن میں پیس اینڈ کنفلیکٹ اور دیگر متعلقہ ادارے بنائے گئے ہیں۔ اس کے بعد وفد نے ڈیپارٹمنٹ آف انگلش کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے طلبہ سے ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :