پولیو وائرس کے تدارک کیلئے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر ہم نے قومی فریضے سے نبرد آزما ہونا ہے،معتصم بااﷲ شاہ

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان معتصم بااﷲ شاہ نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے تدارک کیلئے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر ہم نے اہم قومی فریضے سے نبرد آزما ہونا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں اس ماہ کی 26تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ پولیو مہم کے انتظامات کے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر ز ڈیرہ، پہاڑپور، کلاچی، ای پی آئی انچارج، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، ڈاکٹروں اور محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کی تباہی کا موجب بن سکتا ہے، اس کے بروقت تدارک کیلئے پولیو ویکسین سے ہمیں اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو استفادہ دلانا چاہیے تاکہ ہمارے نونہال عمر بھر کی معذوری سے بچ سکیں اور صحت مند معاشرے کا حصہ بن کر ملک و قوم کی ترقی میں ممدو معاون ثابت ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران مکمل حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ پولیو سے متعلق ڈاکٹرز و دیگر عملہ جو کہ یونین کونسل کی سطح پر تشکیل دیا گیا ہے اپنے فرائض ایمانداری اور جان فشانی سے سرانجام دے گا اورفرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے اجلاس کو بتایا کہ رواں پولیو مہم کے دوران 3لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگا جبکہ ٹرانزٹ اور فکسڈ مقامات پر انسداد پولیو مہم کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :