موجودہ نازک حالات میں ہمیں مزید کئی چیلنجوں کا سامنا ہے،مظفر سید ایڈووکیٹ

دیر کے عوام کو استحکام پاکستان کی جنگ لڑنا اور کامیاب بنانا ہے،وزیرخزانہ خیبرپختونخوا

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر بالا و پائیں کے عوام کے سیاسی شعور اور بالغ نظری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی سمجھداری کی وجہ سے وہ سوات کے مقابلے میں دہشت گردی کے شعلوں اور انسانی و مالی نقصانات سے کافی حد تک محفوظ رہے تاہم انہوں نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں ہمیں مزید کئی چیلنجوں کا سامنا ہے اور جسطرح اہل دیر نے جہاد کشمیر میں اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی مدد کو پہنچ کر ایک چوتھائی حصے کو آزاد اور وہاں کشمیریوں کو قابض بھارتی افوج کی نسل کشی اور چیرہ دستیوں سے نجات دلانے میں کلیدی کردار ادا کیاتھا اسی طرح آج ہمیں پوری قوم کے شانہ بشانہ استحکام پاکستان کی جنگ بھی جیت کر دکھانا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ اہل دیر کے علاقائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جس کیلئے انکے منتخب نمائندے شبانہ روز کوشاں ہیں وہ ضلع دیر بالا کے علاقوں شیرینگل، ڈوگ درہ، ساؤنی، گوالدی اور ملحقہ یو سیز سے ناظمین عمائدین کے پچاس رکنی وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے رکن صوبائی اسمبلی محمد علی کی زیرقیادت ان سے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور انہیں ترقیاتی سکیموں کیلئے درکار فنڈز کی فراہمی، میگا منصوبوں کے اجراء اور دیگر مسائل و مطالبات سے اگاہ کرنے کے علاوہ صوبائی حکومت کی جانب سے سب ڈویژن شیرینگل کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور شرینگل کو تحصیل کا درجہ دلانے میں مخلصانہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیاواضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے دو سال قبل شیرینگل کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم اس کا نوٹیفیکیشن بوجوہ جاری نہ ہو سکا تھا چنانچہ اس بارے میں پشاور آمد اور معاونت کی درخواست پر وزیرخزانہ نے دیر بالا کے عمائدین، سینئروزیر عنایت اﷲ، محمد علی ایم پی اے اور ایم این اے صاحبزاہ طارق اﷲ کے ہمراہ سی ایم ہاؤ س جاکر وزیراعلیٰ پرویزخٹک سے ملاقات کی جنہوں نے شیرینگل تحصیل کا نوٹیفیکیشن بیس دن کے اندر جاری کرنے کا اعلان کیا نیز تحصیل ہیڈکوارٹر کی فوری منصوبہ بندی کے علاوہ کئی مزید ترقیاتی اقدامات کا یقین بھی دلایامظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے مفاد اور فلاح و بہبود کے فرض سے غافل نہیں ہم نے دیر بالا سمیت صوبے بھر کے عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارا دلانے کیلئے توانائی کے منصوبوں پر ہنگامی پلان پر بھی کام تیز کر دیا ہے اسی طرح ہم نے تمام محکموں اور افسران کو اپنے فرائض کی بطریق احسن ادائیگی کا پابند بنا دیا ہے اور ان پر واضح کیا ہے کہ جو افسران صرف اپنی تنخواہ میں عوامی خدمت کا فرض ادا کر سکتے ہیں تو ٹھیک ورنہ کرپشن کا خیال بھی دل میں نہ لائیں امن و امان کی صورتحال بہتر بنا دی گئی ہے تھانوں میں ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنایا گیا آن لائن ایف آئی آر کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ایس ایچ او اور محرر تک کوئی پولیس افسر اپنے ہی علاقے میں تعینات نہیں ہوتا جبکہ دو سال تک ایک جگہ خدمات دینے والے محرر کی واپس اسی تھانے میں تعیناتی نہیں ہوتی اب اگلے مرحلے میں صوبے کے تمام تھانوں اور پٹوار خانوں میں کیمرے نصب کئے جارہے ہیں تا کہ وہاں کی کارکردگی افسران بالا اور سب کی نظر میں رہے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سے لے کر تمام ضلعی سربراہان تھانوں ، پٹوار خانوں ، سکول و کالج ، ہسپتال اور ڈسپنسریوں کی کارکردگی اور صفائی پر باقاعدگی سے نظر رکھیں گے اور اتحادی جماعتوں کے کارکن بھی اس کا دھیان رکھیں اسی طرح ڈرگ اور فوڈ انسپکٹرز دکانوں اوربازاروں پر نظر رکھیں گے اور ادویات و اشیائے خوراک کے سرٹیفیکیٹ جاری کریں گے تا کہ دو نمبر اشیاء کی موثر روک تھام ہو کیونکہ ملاوٹ سنگین ترین جرم ہے اب ہر سکول و ہسپتال سمیت تمام اداروں میں عملہ، ضروری ساز و سامان اور سہولیات موجود ہونا چاہئیں اور ان کی کارکردگی ہر لحاظ سے بہتر ہونی چاہئے کسی بھی غفلت کی ذمہ داری متعلقہ محکمے کے سربراہ پر عائد ہے اسی طرح ٹرانسپورٹ اڈوں سے باہر کوئی لوڈ ان لوڈ فیس یا دوسرا ٹیکس سڑکوں پر نہیں لیا جائے گا اور اگر کسی نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ایسا کیا تو انہیں فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے گی وزیرخزانہ نے واضح کیا کہ عوام کی خدمت کی بجائے انہیں تکلیف پہنچانے کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے ہم نے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو بااختیار بنا دیا ہے اب لوگ خود بھی میدان میں آئیں اور حکومت کی مدد کریں کسی غلط آدمی کی سفارش کریں اور نہ ہی کوئی غلط کام ہونے دیں انہوں نے کہا کہ کمیشن مافیا کی موثر حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے اب ضمانت ضبط ہونے کے ڈر سے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنے گی اسی طرح دیگر تمام شعبوں کی حالت بھی بہتر بنائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :