وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن کی ملاقات

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعرات کووفاقی وزیرنیشنل فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن نے ملاقات کی،جس میں زراعت کی ترقی اورچھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کے پروگرامز پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت زراعت کے فروغ اورچھوٹے کاشتکار وں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے انقلابی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،جس کے تحت کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر عملدر آمد کا آغاز کردیا گیاہے اورملک کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کاشتکاروں کواربوں روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 100 ارب روپے کے تاریخی کسان پیکیج کے بھی زرعی شعبے کی ترقی پر انقلاب آفرین اثرات مرتب ہوں گے۔وفاقی اور پنجاب حکومت کے کسان پیکیجزسبز انقلاب کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔بجلی کے نرخوں میں رعایت ،زرعی لوازمات اورکھادوں پر سبسڈی سے کاشتکار مستفید ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکار کو اس کے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔