وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے قونصل جنرل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ترک قیادت اور عوام وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتو ں کے معترف ہیں:ترک قونصل جنرل

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لاہور میں تعینات ہونے والے ترکی کے پہلے قونصل جنرل سردار ڈینیز نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ترک تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ترک قونصل جنرل کو لاہور میں تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اہل پاکستان ترکی کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی ولولہ انگیز قیادت میں جس طرح بغاوت کی کوشش ناکام بنائی، وہ تاریخ میں ایک مثال ہے۔

(جاری ہے)

ترک عوام کی طاقت کے سامنے ٹینک بھی کھڑے نہ ہوسکے اور ترک عوام نے بہادری اور جرأت کے ساتھ جمہوریت کا کامیاب دفاع کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور آنے والے وقت میں معاشی و تجارتی دوستی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ترکی کے قونصل جنرل سردار ڈینیز نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ترک قیادت اور عوام وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتو ں کے معترف ہیں۔