Live Updates

کرپٹ حکمرانوں کے خلاف پی ٹی آئی کے تحریک احتساب کے پرامن رائیونڈ مارچ کو ڈنڈا فورس سے روکنے والے لیگیوں کی اصلیت کھل کر سامنے آ گئی ،اگر حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ذمہ دار حکمران ہوں گے

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کاعیدملن پارٹی سے خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:19

ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف پی ٹی آئی کے تحریک احتساب کے پرامن رائیونڈ مارچ کو ڈنڈا فورس سے روکنے والے لیگیوں کی اصلیت کھل کر سامنے آ گئی ہے لیکن پی ٹی آئی کے کارکن پرامن رہیں گے۔ اگر حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ذمہ دار حکمران ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما رانا ندیم کی جانب سے عید ملن پارٹی میں ان کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری سمیت عبید اﷲ انصاری، چوہدری خالد جاوید وڑائچ ، چوہدری الیاس ، چوہدری طاہر افضل ، محمد قذافی ، حافظ نذر ، علی حیدر ، فیاض ،مرزا سلیم و دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہی واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ۔پانامہ لیکس میں جس طرح سے حکمرانوں کی لوٹ مار کھل کر سامنے آئی ہے اس پر تو دونوں شریفوں کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیئے تھا اسی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار بھی لاہوری حکمران ہیں۔ عوام باشعور ہو چکے ہیں وہ اب لوٹ مار اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا احتساب چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اپنی تحریک کو جاری رکھے گی اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے رانا ندیم کی تنظیمی کارکردگی کو بھی سراہا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات