پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے مابین زرعی شعبہ کی پائیدار ترقی کیلئے معاہدہ

عالمی بینک پیداوار میں اضافے ، زرعی معیشت کے استحکام اورپانی کے درست استعمال کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ سے زرعی معیشت مستحکم اور دیہات میں خوشحالی آئیگی، جدید زرعی مشینری اور آلات کے استعمال کے ساتھ زرعی پیداور بڑھانے کے لئے سائنسی طریقوں پر عملدرآمد کرنا ہو گا، متعلقہ ادارے آگے بڑھیں اور محنت کے ساتھ زرعی شعبے کے استحکام کے لئے چیلنج قبول کریں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء ) پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے مابین زراعت کی ترقی ، زرعی معیشت مستحکم کرنے اور پانی کے وسائل کے بہترین استعمال کے حوالے سے تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے جمعرات کو یہاں ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تھے،پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری زراعت کیپٹن (ر) محمد محمود جبکہ عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو نے معاہدے پر دستخط کئے،معاہدے کے تحت عالمی بینک صوبے میں زراعت کے فروغ ، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے ، زرعی معیشت کو مستحکم کرنے اورپانی کے وسائل کے درست استعمال کیلئے پنجاب حکومت کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا-عالمی بینک زراعت کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے بھی تعاون کرے گا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے درمیان ہونے والے معاہدہ خوش آئند ہے جس پر عملدرآمد سے زرعی معیشت اور دیہات کی خوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا - انہوں نے کہا کہ عالمی بینک سے طے پانے والا معاہدہ زرعی ترقی کے لئے ایک سنگ میل ہے -عالمی بینک دنیا خصوصاً برازیل کے کامیاب ماڈل کو پنجاب کے زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے متعارف کرانے میں معاونت فراہم کرے گا-انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب کا زرعی شعبہ ایک زمانے میں اپنا لوہا منواتا تھالیکن اب بدقسمتی سے گزشتہ برسوں کے دوران ہمارا زرعی شعبہ انحطاط کا شکار ہے، تاہم آج عالمی بینک کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے زرعی شعبے کی ترقی اور دیہات میں خوشحالی لانے کیلئے حکومتی اقدامات کو تقویت ملے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں زراعت پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے -وفاقی اور پنجاب حکومت نے کسانوں کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے پیکیج دیئے ہیں اور ان زرعی پیکیجزکے ذریعے کسانوں خصوصا چھوٹے کاشتکار کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا -اسی مقصد کے پیش نظراربوں روپے کے کسان پیکیجز دیئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ زرعی معیشت کو ترقی دینے اور کسانوں کو خوشحال بنانے کے لئے جدید بنیادوں پر زرعی شعبوں کو استوار کرنا ہے -جدید زرعی مشینری اور آلات کے استعمال کے ساتھ زرعی پیداور بڑھانے کے لئے سائنسی طریقوں پر عملدرآمد کرنا ہو گا -انہوں نے کہا کہ کھاد اور پانی کا درست استعمال بھی زرعی شعبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا- انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم شراکت دار ہے اور زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں- انہوں نے کہا کہ متعلقہ وزیر ، سیکرٹری اور متعلقہ ادارے آگے بڑھیں اور محنت کے ساتھ زرعی شعبے کے استحکام کے لئے چیلنج قبول کریں -معاہدے کے روڈ میپ پرعملدرآمد کیلئے وزیر اعلی شہباز شریف کی سربراہی میں مشترکہ سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی اور یہ کمیٹی روڈ میپ کا تعین کر کے اس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرے گی-کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے چھ ہفتے میں ٹائم لائن طے کر لی جائیں گی-انہوں نے کہا کہپنجاب میں زراعت کے شعبے میں بہت پوٹینشل موجود ہے اور اس پوٹیشنل کو بروئے کار لانے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء یاور زمان، ڈاکٹر فرخ جاوید، عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، عالمی بینک کے سینئر ڈائریکٹر برائے زراعت جیورگن ویگیل اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔