کسی قسم کی بھارتی جارحیت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں اورپوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہو گی، اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اجاگر کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ،تاریخ میں پہلی بار مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں ٹھوس انداز میں پیش کیا گیا،ا س کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے ‘ کمیٹی کی آرمی چیف کی امن کیلئے کوششوں کی تعریف ، شاندار کمانڈر قرار دیدیا

پاکستان کی سرزمین باسی غیر مسلموں کی بھی ماں ہے، ہر کوئی اپنی ماں کی عزت کا تحفظ کرنا جانتا ہے ، ڈاکٹر رمیش سی پیک پاکستان کی معیشت کے لئے ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے ، کمیٹی کا جی ایچ کیومیں یادگارِ شہداء پر جلد حاضری کا فیصلہ

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے وزیر اعظم نواز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ارکان کمیٹی نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں ٹھوس انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔

اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے ‘ کمیٹی نے جنرل راحیل شریف اور پاکستان آرمی کی امن کیلئے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف کو شاندار کمانڈر قرار دیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کسی قسم کی بھارتی جارحیت کی صورت میں تمام سیاسی جماعتیں اور قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہو گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین خواجہ سہیل منصور کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ٹیلی فون کے ذریعے بتایا ہے کہ آج کا ایجنڈا وزارت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس لئے اس پر بریفنگ نہیں دے سکتے۔ اجلاس میں پاکستان آرمی کے ڈائریکٹر جنرل پروکیورمنٹ کی دفاعی پیداوار ڈویژن میں کردار کے حوالے سے بحث کی جانی تھی۔ وزارت دفاعی پیداوار کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پاکستان آرمی کے ڈائریکٹر جنرل پروکیورمنٹ براہ راست آرمی چیف کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔

کمیٹی نے متفقہ طور پر وزیر اعظم کی اقوام متحدہ میں شاندار تقریر کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔ ارکان کمیٹی نے کہا کہ یہ بھارتی وزیر اعظم اور عوام کیلئے پاکستان کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے۔ رکن کمیٹی معین وٹو نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر جاندار انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر کو اپوزیشن جماعتوں نے سراہا ہے۔ وزیر اعظم نے کشمیر کے حوالے سے واضح پیغام دیا ہے۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کردار کی تعریف کرتے ہوئے شاندار سربراہ اور کمانڈر قرار دیا۔ کمیٹی نے امن کیلئے پاکستان آرمی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

کمیٹی چیئرمین خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور تمام سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر لائن آف کنٹرول پر کسی قسم کی بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان آرمی کی پشت پر ہیں۔ ارکان کمیٹی نے چیئرمین کے بیان کی حمایت کی۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین یہاں کے غیر مسلموں کی بھی ماں ہے اور ہر کوئی جانتا ہے کہ اپنی ماں کی عزت کا تحفظ کیسے کرنا ہے۔ ارکان کمیٹی نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کے لئے ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جنرل ہیڈ کوارٹر میں پاکستان آرمی کے شہداء کی یادگار کا جلد دورہ کیا جائے گا۔