پاکستان پر الزام تراشی بھارت کی عادت بن چکی ‘ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے، پاکستان دہشتگردی کی بھاری قیمت چکا رہا ہے، دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ،پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے

و زیر اعظم نواز شریف کی نیو یارک میں ناشتے کی میز پر صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:00

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) و زیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پر الزامات لگانا بھارت کی عادت بن چکی ہے ‘ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے، پاکستان دہشتگردی کی بھاری قیمت چکا رہا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ،اب پاکستان کی معاشی صورتحال دن بدن بہتر ہو رہی ہے۔

جمعرات کو نیو یارک میں ناشتے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہو ئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کے تشدد اور جارحیت سے اب تک 107 سے زائد کشمیریووں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ جس کی وجہ سے اب وہاں کے لوگ بہت زیادہ غصے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزامات لگانا بھارت کی عادت بن چکا ہے بلاجواز الزامات لگانا غلط ہے اب اس نے سوپور واقعہ کی ذمہ داری بھی پاکستان پر ڈال دی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی بھاری قیمت چکا رہا ہے ہم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ اب پاکستان کی معاشی صورتحال دن بدن بہتر ہو رہی ہے۔ ملک میں بجلی کا بحران حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں 2018میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ……(رانا)