پنجاب حکومت مزدوروں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، صوبے بھر میں رجسٹرڈ ساڑھے 9 لاکھ ورکرز اور ان کے 57 لاکھ لواحقین کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جدید ہسپتال کام کر رہے ہیں جہاں انہوں علاج معالجے کی مفت سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ محمداشفاق سرور کا نئے سوشل سیکورٹی ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:00

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء ) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ محمداشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مزدوروں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے تا کہ انہیں تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات مل سکیں اور وہ زیادہ دلجمعی سے صوبے کی اقتصادی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ صوبے بھر میں رجسٹرڈ ساڑھے 9 لاکھ ورکرز اور ان کے 57 لاکھ لواحقین کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جدید ہسپتال کام کر رہے ہیں جہاں انہوں علاج معالجے کی مفت سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں ۔

وہ یہاں انڈسٹریل سٹیٹ میں نئے سوشل سیکورٹی ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران،ممبران اسمبلی پیر عمران احمد شاہ ،چوہدری محمد اشرف ،رانا زاہد حسین ،محمد ارشد ملک اور نوید علی ،کمشنر سوشل سیکورٹی منصور قادر ،کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ ،ڈی سی او شوکت علی خان کھچی اور سوشل سیکورٹی سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رانا سلیم زاہد کے علاوہ متعلقہ افسران اور مسلم لیگی عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مزدوروں کی خدمت عبادت سمجھ کر رہی ہے کیونکہ انہیں بہترین تعلیمی و طبی سہولیات فراہم کر کے ان پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دشمن بیرونی دنیا میں پاکستان کا بُرا امیج پیش کرتے ہیں تا کہ ملک ترقی نہ کر سکے اور نہ یہاں سرمایہ کاری ہو ۔معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً میڈیا کو چاہیے کہ وہ اس تاثر کے خاتمے میں اپنا اہم کردارا دا کریں ۔

صوبائی وزیر محنت راجہ محمد اشفاق سرور نے کہا کہ گوادر پورٹ کے فنکشنل ہونے اور اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پاکستان کے راستے سالانہ 5 کھرب ڈالرکی تجارت ہو گی جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی اور عوام کو روزگار ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس راہداری کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے کیونکہ کالا باغ ڈیم کے مسئلے پر ہم پہلے ہی سازشوں کا شکار ہو کر اس انتہائی اہم منصوبے کو مکمل نہیں کر سکے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر محنت نے ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے جہاں مزدوروں کو ایمر جنسی ،گائنی ‘الٹرا ساؤنڈ اور ایکسرے کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔