قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس، پی آئی اے کے طیارے میں منشیات رکھنے کے ذمہ داران کا تعین نہ ہونے پر اظہار برہمی

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) قومی اسمبلی کے کمیٹی برائے کیبنٹ سیکریٹریٹ نے مئی 2016ء میں پی آئی اے کے جہاز سے برآمد ہونے والی 27 کلوہیروئن کے ذمہ داروں کا تعین نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ 21 اکتوبر تک ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے۔ قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے کیبنٹ سیکریٹریٹ کا اجلاس رانا محمد حیات خان کی زیر صدارت جمعرات کو پی آئی اے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیٹی کے ممبران، پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ مئی 2016ء میں پی آئی اے کے طیارے سے 27 کلو ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ کمیٹی کی جانب سے جہاز میں ہیروئن رکھنے میں ملوث افراد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر پی آئی اے انتظامیہ نے کہا کہ انکوائری چل رہی ہے اور اب تک ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔ جس پر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد حیات خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کیوں ذمہ داران کا تعین نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا دوبارہ اجلاس 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں پی آئی اے انتظامیہ اس حوالے سے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ یش کرے۔