جامعات علم وآگہی کے گہوارے ہوتے ہیں،تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،اقبال ظفرجھگڑا

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ جامعات علم وآگہی اورتحقیق کے گہوارے ہوتے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور سے ملاقات کے دوران کیا۔

یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بختیار خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے گورنر کو یونیورسٹی کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور یونیورسٹی کو درپیش بعض مسائل ومشکلات کے بارے آگاہ کیا۔ ملاقات میں یونیورسٹی کے مالی وانتظامی امورکی فعال انداز سے انجام دہی یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیربحث آئیں ۔ گورنرنے جوکہ یونیورسٹی کے چانسلربھی ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ کواپنے وسائل بڑھانے اور ریسرچ کے معیارکو بہتربنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گورنرنے یونیورسٹی کودرپیش مسائل خصوصاً تدریسی و انتظامی عملے کی کمی کے مسائل کو متعلقہ قوانین کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔