لندن سے دکان چلانے والوں کا دور ختم ہو رہا ہے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی کے برے دن ختم ہونیوالے ہیں ،شہر والو سن لو شہید بی بی کا بیٹا اب میدان میں آ گیا ہے،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی 2018کے انتخابات میں پاناما شریف ،کرپشن کے سرداروں کو بتا دینا ہے اب راج کریگی پورے ملک میں بینظیر بینظیر ،کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لندن سے دکان چلانے والوں کا دور ختم ہو رہا ہے ۔ کراچی کے برے دن ختم ہونے والے ہیں ۔ کراچی والوں سن لو شہید بی بی کا بیٹا اب میدان میں آ گیا ہے ۔ 2018 کے الیکشن میں اب پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہے اور پیپلز پارٹی کو کامیاب کراکے پاناما شریف اور کرپشن کے سرداروں کو بتا دینا ہے کہ اب راج کرے گی صرف پورے ملک میں بینظیر بینظیر ۔

پیپلز پارٹی آئے گی ، عوام کے مسائل بھگائے گی ۔ہم جمہوری انداز میں پاناما شریف کا احتساب کریں گے کراچی کی ترقی کے لیے سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے جمعرات کو ملیر15 ،نیشنل ہائی وے ، قائد آباد سمیت اطراف کے علاقوں کے دورے کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عوام سے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کے ملیر کے دورے کے موقع پر جیالوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔ جیالوں نے پیپلز پارٹی کے ترانوں پر بھنگڑے ڈالے ۔ بلاول بھٹو نے عوامی ریلی میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف سخت نعرے لگوائے ۔ بلاول بھٹو نے نعرہ لگایا ۔ گلی گلی میں شور ہے ، نواز شریف چور ہے ۔ کرپشن کے سردار کو ایک دھکا اور دو ۔

پاناما شریف کے سردار کو ایک دھکا اور دو ۔ چوروں کے چوکیدار کو ایک دھکا اور دو ۔ چوروں کے سردار کو ایک دھکا اور دو ۔ تخت رائیونڈ کو ایک دھکا اور دو ۔ تخت رائیونڈ کوہلانا ، جیالوں کو جگانا ہے ۔ انہوں نے نعرہ لگایا ماروی ملیر جی ، بینظیر بینظیر ۔ بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں اب تیار ہو جاؤ ۔ کرپشن کو سردار کو دھکا لگانا ہے ۔

چوروں کے یار کو بھگانا ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سب کا ایک ہی پیغام ہے ۔ عوام کا پیغام ہے ۔ پاکستان کا پیغام ہے ۔ کراچی کا پیغام ہے ۔ کھپے کھپے پاکستان کھپے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی شہر کس کا ہے ، صرف بھٹو کا ہے ۔ شہید بی بی کا ہے ۔ شہید بی بی کے فرزند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملیر کے پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے بھٹو کے جیالے کو کامیاب بنایا ۔

کراچی ڈسٹرکٹ کونسل ملیر میونسپل کارپوریشن کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ۔ اب تبدیلی آ رہی ہے ۔ کراچی کے عوام کی نظریں پیپلز پارٹی کی جانب ہیں ۔ انہوں نے جیالوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آ گیا ہوں ۔ بی بی کا بیٹا آ گیا ہے ۔ شہید بھٹو کا نواسہ آ گیا ہے ۔ میں آپ کے ساتھ ہوں اور آپ میرے ساتھ ہیں ۔ 2018 کے انتخابات میں ہمارا ساتھ دیں ۔

آج ایک قافلہ چل پڑا ہے ۔ 2018کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا ہے اور کرپشن کے سردار کو بتا دینا ہے کہ اب راج کرے گی صرف بینظیر بینظیر ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی پسندیدہ جماعت ہے ۔ ہم آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان دیں گے ۔ تعلیم کو عام کریں گے ۔ پورے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف جمہوری انداز میں بھرپور احتجاج کریں گے ۔

عوام کے مسائل حل کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے ۔ ہم ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کریں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے پیپلز پارٹی نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ ہم جمہوریت کی حفاظت کریں گے ۔ انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں ۔ آج سے ہمارا سفر شروع ہو گیا ہے ۔

جو آئندہ انتخابات میں کامیابی تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملیر بھٹو اور شہید بی بی کا قلعہ ہے ۔ اب کراچی میں بھی پیپلز پارٹی راج کرے گی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور جیالے ہماری طاقت ہیں ۔ کرپشن کے سرداروں اور تخت رائیونڈ سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ چوروں کو احتساب کے لیے پیش ہونا ہو گا اور ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا ۔ بلاول بھٹو کے دورے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاہم وہ سکیورٹی انتظامات کی پروا کیے بغیر گاڑی سے باہر آتے گئے اور مختلف مقامات پر عوام میں گھل مل گئے اور انہوں نے جئے بھٹو اور جئے بینظیر کے نعرے بھی لگوائے ۔