حالیہ بارشوں کے سبب قبرستانوں اور پارکوں میں خودرو جھاڑیوں کو ختم کیا جائے ‘سہیل شہزاد

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء )سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی وسائل پنجاب سہیل شہزاد نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے راوی ٹاؤن میں جاری سرگرمیوں کو مستحسن و قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی محنت اور ہر شہری کے تعاون سے یہ ممکن ہوا ہے کہ ڈینگی جیسے خطرہ کے آگے پل باندھا گیا ہے مگر یہ بات ذہن نشین رہے کہ ہمیں ہروقت چوکس رہنا ہے اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید مربوط بنا کر فعال رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیمیائی، حیاتیاتی اور میکانکی طریقہ ہائے انسداد ڈینگی کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے جبکہ فوگنگ کے لیے متعلقہ فورم سے اجازت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے سبب قبرستانوں اور پارکوں میں خودرو جھاڑیوں کو ختم کیا جائے جبکہ ٹائر دکانوں، کباڑ خانوں کو روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن، ٹی ایم او، متعلقہ محکموں کے افسران، فیلڈ ٹیموں کے سپروائزر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈینگی لاروا کش ادویات اور درکار مشینری و آلات ضرورت کے مطابق موجود اور فعال ہیں۔