نیب خیبرپختونخوا نے جعلی میڈیسن ڈسٹری بیوشن بزنس کے ذریعے لوگوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والے ملزم کفایت اﷲ کو گرفتار کر لیا

کسی کے پاس مذکورہ کمپنیوں کے حوالہ سے ثبوت ہیں تو وہ اپنے کلیمز نیب خیبرپختونخوا میں جمع کرا سکتے ہیں ٗ نیب خیبر پختون خوا

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) قومی احتساب بیورو نیب خیبرپختونخوا نے جعلی میڈیسن ڈسٹری بیوشن بزنس کے ذریعے سادہ لوح لوگوں سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی سے لاکھوں روپے لوٹنے اور ایم اے ایسوسی ایٹ پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزم کفایت اﷲ کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان میڈیسن ڈسٹری بیوشن بزنس ایم اے ایسوسی ایٹ و دیگر ملزمان نے مل کر یہ فراڈ کیا۔

(جاری ہے)

تین فارماسیوٹیکل کمپنیاں فالکن فارما، میڈی سیف فارما اور ٹو اے انٹرپرائزز کے نام سے کاروبار کر رہی تھیں، انہوں نے لوگوں کو سرمایہ کاری کے بدلے بھاری منافع کا لالچ دے کر لوٹا۔ چند ماہ کے بعد ملزمان نے لوگوں کو منافع کی ادائیگی بند کر دی اور انہیں اصل رقم دینے سے بھی انکار کر دیا جبکہ ملزمان منظر عام سے بھی غائب ہو گئے۔ نیب خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر کسی کے پاس مذکورہ کمپنیوں کے حوالہ سے ثبوت ہیں تو وہ اپنے کلیمز نیب خیبرپختونخوا میں جمع کرا سکتے ہیں۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت پشاور میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :