پاک چین اقتصادی راہداری پر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائیں گے،وائس ایڈمرل خان ہشام

پاک بحریہ میری ٹائم انفرا سٹرکچر کے بحری دفاع کو یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے،وائس چیف آف نیول اسٹاف

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق نے ساحلی علاقوں تربت، مکران، جیوانی اور اورماڑہ میں بحری مشقوں میں مشغول پاک بحریہ کی یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایڈمرل کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور گوادر بندر گاہ کی سکیورٹی خصوصاً پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نبردآزما ہونے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے اہم ترین میری ٹائم انفراسٹرکچر کے بحری دفاع اور پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی کسی بھی قسم کے خطرات سے حفاظت کے سلسلے میں پاک بحریہ کے عزم صمیم کا اظہار کیا ۔ ایڈمرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو سکیورٹی کی فراہمی اور دشمن کے کسی بھی ناپاک عزم کو خاک میں ملانے کے لئے پاک بحریہ مکمل طور پر تیار ہے۔

(جاری ہے)

ساحلی علاقوں میں تعینات پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے گفتگو کے دوران وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق نے میری ٹائم سرحدوں کے مقدس فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں ان کی انتھک محنت، فرض شناسی اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور ملکی بحری دفاع کے سلسلے میں پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :