مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت کیلئے تیار ہیں ، ہماری کوئی شرط نہیں ، بھارت کو بھی کوئی شرط نہیں رکھنی چاہیے ‘ وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر

کشمیر ہماری شہ رگ ہے جو دشمن کے قبضے میں ہے جب تک شہ رگ دشمن کے قبضے سے آزاد نہیں ہوتی اس وقت تک ہمارا سانس لینامشکل ہے کشمیریوں کو مضبوط پاکستان کی زیادہ ضرورت ہے ،بھارت نے جنگ مسلط کی تو کشمیر اور گلگت بلتستان فرنٹ پر ہوگا ‘راجہ فاروق حیدر خان

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جو دشمن کے قبضے میں ہے جب تک ہماری شہ رگ دشمن کے قبضے سے آزاد نہیں ہوتی اس وقت تک ہمارا سانس لینامشکل ہے ،ہم مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت کرنے کو تیارہیں ہماری کوئی شرائط نہیں بھارت کوبھی اس مسئلے کے حل کیلئے کوئی شرط نہیں رکھنی چاہئے ،کشمیریوں کو مضبوط پاکستان کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا باعث بنے گا ،بھارت نے جنگ مسلط کی تو کشمیر اور گلگت بلتستان فرنٹ پر ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں کشمیر ناصر حسین ڈار کی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اطلاعات و سیاحت آزاد کشمیر مشتاق منہاس ، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ کشمیریوں کو مضبوط پاکستان کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا باعث بنے گا ٗ آزادی کیلئے جان ٗ مال اور عزت تین چیزیں درکار ہوتی ہیں ٗوہ کشمیری دے رہے ہیں ٗکشمیری جنگ نہیں چاہتے کیونکہ جنگیں تباہی لاتی ہیں ٗ بھارت بھی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا وہ صرف جنگی ماحول پیدا کرکے پاکستان کو عالمی دنیا میں تنہا کرنا چاہتا ہے ٗ اگرپھربھی جنگ مسلط کی گئی تو کشمیر اور گلگت بلتستان فرنٹ پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف بہتر طور پر عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور کشمیریوں کو بھی ان پر مکمل اعتماد ہے اور یہ یات کشمیریوں کے لیے اطمینان کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ کبھی نہیں کر ے گا کیونکہ وہ اپنا مالی نقصان نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو سب سے زیادہ تکلیف سی پیک منصوبے کی ہے کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجرکی حیثیت رکھتا ہے، بھارت صرف پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کی طرف سے 13لاکھ فائرہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انتخابات میں جیت کے بعد ہماری تین ترجیحات ہیں پہلا کشمیر کو آزاد کرنا،گڈگورننس اور ترقی و خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں کئے گئے وعدے پورے نہ کئے تو لوگ ہمیں مسترد کردیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم سابق حکومت کی طرح 26 وزراء نہیں رکھیں گے بلکہ12 وزراء سے کام چلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہم اپنی بجلی خود پیداکرناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔