وزیر تجارت سے ری پبلک آف کوریا کے سفیر کی ملاقات ٗ باہمی دلچسپی اور دو طرفہ تجارت بارے تبادلہ خیال

پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہ پر مذاکرات آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہونے کی توقع

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہ پر مذاکرات آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان سے پاکستان میں ری پبلک آف کوریا کے سفیر ڈاکٹر ڈونگ گوسوہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی اور دو طرفہ تجارت کے بارے میں امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے سفیر کو آزادانہ تجارتی معاہدہ میں پیش رفت کے بارے میں بتایا اور انہیں سئیول میں گذشتہ سال اپنے دورہ میں ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا جس پر دونوں ممالک نے آزادانہ تجارتی معاہدہ کے قابل عمل ہونے کے مطالعاتی جائزہ کے لئے تحقیقی سٹڈی پر اتفاق کیاتھا۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک نے یہ سٹڈی مکمل کر لی ہے اور اس کی سفارشات دونوں متعلقہ حکومتوں کو بھیج دی گئی ہیں اور اب دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہ کے لئے مذاکرات آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارتی حجم اس وقت تقریباً ایک ارب 10کروڑ ڈالرز ہے اور دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ کورین سفیر کے ساتھ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ملائیشیا اور تھائی لینڈ کے ساتھ آزادانہ تجارتی اور انڈونیشیا کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ جیسا معاہدہ ہے جبکہ یہ تمام معاہدے وزیراعظم محمد نواز شریف کے مشرقی ایشیا بھر میں ترقی کے وژن کے تحت ہوئے ہیں۔ کوریا کے سفیر نے وزیر تجارت کی کوششوں اور تجارت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :