شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کے مستحق ہیں، آفریدی نے دو دہائیوں تک ملک کی نمائندگی کی لہذا انہیں ریٹائرمنٹ کا باعزت موقع دیا جانا چاہیے، چیف سلیکٹر انضمام الحق

پی سی بی نے انضمام کی ویسٹ انڈیز کیخلاف آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کر نے کی تجویز کو مسترد کردیا،ذرائع

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:25

شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کے مستحق ہیں، آفریدی نے دو دہائیوں تک ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کے مستحق ہیں، آفریدی نے دو دہائیوں تک ملک کی نمائندگی کی لہذا انہیں ریٹائرمنٹ کا باعزت موقع دیا جانا چاہیے۔ اطلاعات کے مطابق انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی کہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا جائے تاکہ وہ اپنا الوداعی میچ کھلیں اور باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں تاہم مبینہ طور پر پی سی بی نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔

انڈین اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ میری رائے یہی ہے کہ آفریدی کو الوداعی میچ کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے چیف شہریار خان اور انضام الحق دونوں نے شاہد آفریدی کی شمولیت کی منظوری دے دی تھی۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ بات درست ہے کہ شہریار خان اور انضمام الحق نے اس بات کی منظوری دی تھی کہ شاہد آفریدی دورہ متحدہ عرب امارات پر جائیں گے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلنے کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

تاہم یہ تجویز اس وقت مسترد کردی گئی جب نجم سیٹھی نے آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کے طریقہ کار پر اعتراض اٹھایا اور موقف اختیار کیا کہ اگر سلیکٹرز پر اعتماد تھے کہ آفریدی ملک کی نمائندگی کے لیے موزوں ہیں تو انہیں 15 رکنی اسکواڈ میں ہی شامل کیا جانا چاہیے تھا۔ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے موقف اختیار کیا کہ کرکٹ بورڈ محض الوداعی میچ کھیلنے کا موقع دینے کے لیے اس طرح شاہد آفریدی کو 16 ہویں کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرکے غلط مثال قائم کررہا ہے اور ایک طریقہ ایک آفریدی جیسے سینیئر کھلاڑی کے شایان شان بھی نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کا اعتراض منطقی تھا اور انہوں نے یہ بات واضح کردی کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے خود شاہد آفریدی سے بات کریں گے اور انہیں اس بات پر قائل کریں گے کہ وہ باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے لیے پیش کیے جانے والے موقع کو قبول کرلیں۔

متعلقہ عنوان :