زخمی محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوگئے

جمعرات 22 ستمبر 2016 16:56

زخمی محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوگئے

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22 ستمبر۔2016ء )قومی ٹیم کے سینئر بلے باز محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں ۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق 35سالہ سابق ٹی ٹونٹی کپتان اور اوپننگ بلے باز تاحال انگلینڈ کیخلاف ون ڈ ے سیریز میں گھٹنے پر لگنے والی چوٹ سے صحت یابی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں ،محمد حفیظ کے علاوہ نوجوان اوپنر سمیع اسلم کی بھی ون ڈے ٹیم میں جگہ بنتی دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل اور اسد شفیق ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں ان ایکشن دکھائی دے سکتے ہیں،عمر اکمل نے ایونٹ کے کامیاب ترین بلے باز کی حیثیت سے 72.60کی اوسط سے 363رنز سکور کیے تھے جبکہ اسد شفیق چوتھے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے تھے۔فاسٹ باؤلر راحت علی پر بھی عمر گل کی جگہ ون ڈے ٹیم کے دروازے کھلنے کاامکان ہے جبکہ محمد رضوان اور خالد لطیف میں سے ایک 15کھلاڑیوں کے سکواڈ میں جگہ برقرار رکھ پائے گا ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف 3ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 24ستمبر کو متوقع ہے جبکہ ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

زخمی محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوگئے