پاکستانی اور چینی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں کی منزل بھی ایک ہی ہے، پاکستان اور چین کے مابین باہمی مفادات کے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جو قراقرام کی بلندیوں سے بحیرہ عرب کی گہرائیوں تک پھیلے ہوئے ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کا ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ڈویلمپمنٹ فورم سے خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستانی اور چینی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں کی منزل بھی ایک ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین باہمی مفادات کے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جو قراقرام کی بلندیوں سے بحیرہ عرب کی گہرائیوں تک پھیلے ہوئے ہیں ۔

وہ ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس انڈسٹری ڈویلمپمنٹ فورم سے خطاب کررہے تھے ۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ چین خصوصاً سنکیانگ صوبے سے پاکستان کے تجارتی و معاشی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور دونوں اطراف ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسپیشل اکنامک ژون قائم کرنا چاہتا ہے جو یقینی طور پر خطے کو وسطی اور جنوبی ایشیا کے لیے ایک گیٹ وے میں تبدیل کر دے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ہماری ملکی معشیت کا اہم جز وہے اس صنعت سے 10ملین سے زیادہ خاندانوں کا روز گار وابستہ ہے اور صنعتی شعبے میں روز گار کی فراہمی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا تناسب 40فیصد ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تر قی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں توانائی کی پیداوار میں اضافہ، تعمیری ڈھانچے کی تر قی اور افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافے کے منصوبے شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں سر مایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سر مایہ کاروں کو ایکویٹی کی 100فیصد ملکیت ،سر مائے کی واپسی ،ٹیکس، صنعتی پلانٹ ،مشینری خام مال میں کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری کی پالیسی میں شامل ہیں ۔