جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑنے پر حریت رہنماوٴں کا نواز شریف کو خراج تحسین

جمعرات 22 ستمبر 2016 16:12

نیو یارک/سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء) اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے پر حریت رہنماوٴں نے وزیر اعظم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری جانب برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف مظاہرہ کیا۔ حریت رہنماوٴں نے وزیر اعظم کو کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی کرنے پر اپنے اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

سید علی گیلانی نے وزیر اعظم کی تقریر کو کشمیریوں کے دل جیتنے سے تعبیر کیا۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے کہا کہ نواز شریف نے اقوم عالم کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا۔ میر واعظ عمر فاروق کا مطالبہ ہے کہ بھارت انسانی حقوق کے اداروں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے۔ دوسری جانب برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مقیم کشمیریوں نے بھارتی قونصلیٹ کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ سینہ کوبی کرتے مظاہرین نے بھارتی فوجیوں کے مقبوضہ کشمیر سے نکل جاوٴ کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ غاصب بھارتی افواج پیلٹ گن کا استعمال فوری بند کرے۔