آزاد جموں وکشمیر کی سیاسی و مذہبی قیادت نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب کو جرات مندانہ قراردیدیا

جمعرات 22 ستمبر 2016 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء) آزاد جموں وکشمیر کی سیاسی و مذہبی قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خطاب کو مدبرانہ‘ جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عرصے بعد پاکستان کے کسی حکمران نے عالمی ادارے میں کشمیری عوام کے جذبات اور امنگوں کی نہ صرف حقیقی ترجمانی کی بلکہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اس کی ذمہ داریوں بارے بھی متوجہ کیا اور بھرپور انداز میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا ہے‘ و زیراعظم کے جامع اور متوازن خطاب نے اوڑی واقعہ کی آڑ میں کشمیر کی تحریک آزادی کو دہشت گردی قرار دلوانے کی بھارتی سازش بھی ناکام بنا دی ہے‘ کشمیری عوام جرات مندانہ انداز میں مسئلہ کشمیر عالمی فورم پر اٹھانے پر وزیراعظم نواز شریف کے شکر گزار ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان‘ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر‘ سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید‘ امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی‘ جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا نذیر فاروقی‘ جے کے پی پی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان ‘ امیر جمعیت علمائے جموں وکشمیر پیر عتیق الرحمن فیض پوری و دیگر نے وزیراعظم کے جنرل اسمبلی کے خطاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرکے آر پار کشمیریوں کے دل جیت لئے ہیں۔ وزیرعاظم کے خطاب سے تحریک آزادی میں سرگرم کشمیریوں کے حوصلوں کو نئی مہمیز ملے گی اور ان کے حوصلے مزید بلند ہونگے۔ عالمی سطح پر بھی وزیراعظم کے خطاب کے مثبت اثرات مرتب ہونگے اور کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی حمایت میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فارن آفس اور پاکستانی سفارتی مشنز وزیراعظم کے جنرل اسمبلی میں خطاب کے فالو اپ میں بھرپور مہم چلائیں گے جس سے بھارتی حکمرانوں پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے لئے عالمی دباؤ میں اضافہ ہوگا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ قائد پاکستان میاں نواز شریف نے کشمیری عوام کی نمائندگی کا حق ادا کردیا وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارتی حکمرانوں اور عالمی برادری کے سامنے جرات مندانہ آپشن رکھے ہیں جن میں جموں وکشمیر کو نان ملٹری زون بنانے کی تجویز شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرصے بعد میاں نواز شریف کی صورت میں کسی پاکستانی حکمران نے پوری شدت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اٹھایا ہے نواز شریف کے اس اقدام سے نہ صرف کشمیری عوام خود کو تنہا نہیں سمجھیں گے بلکہ بھارتی ظلم و ستم روکنے کے لئے بھی عالمی دباؤ میں اضافہ ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیری عوام اور قیادت جنرل اسمبلی میں نواز شریف کے جرات مندانہ خطاب پر وزیراعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کشمیری اور پاکستانی عوام کے دلی جذبات اقوام متحدہ میں پیش کئے۔ بھارتی حکمرانوں نے اوڑی واقعہ کی آڑ میں دھول اڑا کر پوری کوشش کی کہ عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاسکے لیکن نواز شریف کے جرات مندانہ موقف نے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا اور مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال عالمی برادری کے سامنے رکھ دی۔ جے یو آئی آزاد کشمیر کے مولانا نذیر فاروقی نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں نواز شریف کا خطاب کشمیریوں کے دلوں کی آواز تھا وزیراعظم نے سوز دل اور جرات رندانہ کے ساتھ کشمیریوں کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے رکھا اس سے کشمیر کی تحریک آزادی کے لئے عالمی حمایت میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے جس طرح شہید برہان الدین وانی کی شہادت سے موجودہ اپ رائزنگ کو جوڑا اس سے عالمی برادری پر واضح ہوگیا کہ یہ کشمیریوں کی اندرونی تحریک ہے اور دراندازی کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں۔ جمعیت علمائے جموں وکشمیر کے امیر پیر عتیق الرحمن فیض پوری نے کہا کہ نواز شریف نے کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کا حق ادا کردیا۔ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور بھارتی مظالم رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

جے کے پی پی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان نے کہا کہ اگرچہ وزیراعظم نواز شریف کا جنرل اسمبلی میں خطاب متوازن اور جامع تھا لیکن اسے زیادہ موثر بنایا جاسکتا تھا بالخصوص بلوچستان اور کراچی میں بھارتی مداخلت پر بھی بات ی جانی چاہئے تھی اس سے بھارت مزید دباؤ میں آتا۔

متعلقہ عنوان :