جماعت الصالحین کے سربراہ و سجادہ نشین دربار حضرت سخی سلطان باہو صاحبزادہ پیر خالد سلطان سروری قادری نے کہا ہے کہ صوفی ازم کو عام کرکے آج بھی معاشرہ میں امن کے دیپ روشن کئے جاسکتے ہیں

Malik Usman ملک عثمان جمعرات 22 ستمبر 2016 15:44

سیالکوٹ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر - 2016ء)جماعت الصالحین کے سربراہ و سجادہ نشین دربار حضرت سخی سلطان باہو صاحبزادہ پیر خالد سلطان سروری قادری نے کہا ہے کہ صوفی ازم کو عام کرکے آج بھی معاشرہ میں امن کے دیپ روشن کئے جاسکتے ہیں۔صوفیاء نے لوگوں کے دلوں کی طہارت اور روحانی بالیدگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں،لوگوں کا ٹوٹا ہوا تعلق قرآن و سنت سے جوڑا اور اپنے عمل و کردار سے شجر اسلام کی آبیاری فرمائی ۔

صوفی ازم میں امن ،محبت ،ایثار اور احترام باہمی کا سبق دیاجاتا ہے اور یہی معاشرتی زندگی کی اہم ضرورت ہے۔ آستانہ عالیہ نقشبندیہ توحید آباد شریف میں خلیفہ مجاز گھمکول شریف پیر سید فرخ شاہ کوہاٹی،سید حافظ ہارون شاہ کے ہمراہ پیر سید توحید شاہ کوہاٹی کے مزار پر چادر پوشی کے موقع پر عقیدت مندان سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانے رشدوہدایت کے مراکز اور دکھی انسانیت کی پناہ گاہیں ہیں کہ جہاں سے امن و محبت اور احترام انسانیت کا درس ملتا ہے ۔

(جاری ہے)

اولیاء امت نے اپنے خون جگر سے شجر اسلام کی آبیاری فرمائی اور بلاتفریق ،رنگ و نسل لوگوں کو تعلیمات قرآن و سنت سے روشناس کروایا۔انہوں نے کہا کہ یہ بزرگان دین کی ہی کاوشوں کا ثمر ہے کہ آج ہر سوتوحید و رسالتﷺ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔دریں اثناء ہرڑ جماعت الصالحین آفس میں تنظیمی ذمہ داران سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن ہے جو ایثار و قربانی ،اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔

اسلام واحد مذہب ہی جوپوری دنیا میں بڑی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور اس کی حقیقی وجہ اسلام کی روشن تعلیمات اور ضابطہ حیات ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے یہودی لابی سخت پریشان ہے اور وہ سازشوں میں مصروف ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم و بربریت ، پاک باڈر پر بھارتی ہٹ دھرمی افسوس ناک ہے اور اس کے پیچھے بھی اسلام دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے ۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کشمیر پرموقف پوری قوم کی ترجمانی ہے اور اس مسلہ پر پوری قوم متحد ہے۔ اس موقع پر خلیفہ مرزا امجد اشفاق سروری قادری ،صہیب سلطانی ،محمد جاوید ،نقاش سلطانی ،باؤ اشفاق سلطانی ،فیصل ،فہیم ،اسلم اور شعیب سلطانی و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک ترین دور سے گزررہا ہے اور افواج پاکستان ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں ۔

ایک طرف ہمیں بارڈ پر مکار دشمن کا سامنا ہے اور دوسری طرف ملک میں چھپے دہشت گردوں کا کہ جنہیں پاک آرمی چن چن کر کیفرکردار تک پہنچا رہی ہے۔ضرب عضب آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان پراسفند یار ولی کا بیان افسوس ناک ہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔پیر خالد سلطان قادری نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ یہ وقت رسہ کشی کا نہیں بلکے سب ملکر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے کام کریں۔