آپریشن ضرب عضب میں فاٹا میں متاثر ہونے والے گھروں کا سروے جاری

جمعرات 22 ستمبر 2016 15:19

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 ستمبر۔2016ء) آپریشن ضرب عضب میں فاٹا میں متاثر ہونے والے گھروں کا سروے جاری ہے‘ مکمل تباہ ہونے والے گھر کا معاوضہ چار لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر متاثر ہونے والے گھر کا ایک لاکھ 60 ہزار روپے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔ جمعرات کو ری کنسٹرکشن و تعمیر نو (RRU) کے ڈپٹی پروگرام منیجر حامد خان نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران متاثر ہونے والے علاقوں میں گھروں کے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لئے ٹیمیں کام کر رہی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر سروے رپورٹ آر آر یو فاٹا میں دے رہے ہیں۔

فہرستیں مرتب کرنے کے بعد ان فہرستوں کو اپنے علاقوں میں کراس چیک کر کے گھروں کی تصدیق کی جا رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں سروے کا کام تاخیر سے شروع ہوا جس کی وجہ سے سروے کے اعداد و شمار آنے میں تاخیر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے گھر لوگوں کو مکمل تصدیق کے بعد مکمل تباہ ہونے والے گھر کا معاوضہ چار لاکھ روپے‘ جزوی طور پر متاثر ہونے والے گھر کا ایک لاکھ 60 ہزار روپے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں بعض بے گھر افراد میں مکانات کے معاوضہ جات تقسیم کر دیئے گئے ہیں تاہم کچھ علاقوں میں آئندہ چند دنوں میں معاوضہ جات کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :