وزیراعظم محمد نواز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر بہت ہی اچھی اور مناسب تھی ‘حنا ربانی کھر

جمعرات 22 ستمبر 2016 14:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) سابق وزیر خارجہ و پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر بہت ہی اچھی اور مناسب تھی ۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورت حال ، پاکستان بھارت تعلقات اور دہشت گردی سمیت تماممسائل کو بڑے ہی احسن انداز میں پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کی آواز کو بلند کیا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں جنگ کا ماحول ہرگز نہیں چاہتے اور اگر ہم پر جنگی ماحول مسلط بھی کیا جا رہا ہے تو پھر بھی ہم ایسے ماحول کو مستردکرتے ہیں اور بات چیت کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بھی عالمی برادری کے سامنے انتہائی بہتر اور موثرانداز میں پیش کیا ہے اور انہیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم کے بارے میں کھل کر آگاہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موقف کو ایک مرتبہ پھر واضح کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ملنا چاہیے، حنا ربانی کھر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے افغان مہاجرین کے بارے میں بھی اپنا موقف بہترین انداز میں پیش کیا اور عالمی برادری کو بتایا کہ پاکستان گذشتہ کئی سالوں سے 30 لاکھ افغان مہاجرین کی خدمت کر رہا ہے اور انہیں دل و جان سے سنبھال رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آج حالات کی جو ضرورت تھی اس کے مطابق وزیراعظم پاکستان محمد نوازشرریف کی تقریر ایک موثر اور متوازن تقریر تھی۔