وزیراعلی پنجاب نے لیہ کے نشیبی علاقوں کو دریائی کٹاو سے محفوظ رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی

جمعرات 22 ستمبر 2016 14:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) صوبائی وزیر آب پاشی میاں یاور زمان نے گزشتہ روز لیہ کا دورہ کیا اور دریائی کٹاو سے بچاو کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے موضع سمرا نشیب میں دریائی کٹاو کے معائنہ کے بعد اہل علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائی کٹاو سے علاقہ مکینوں کی جان ومال کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے لیہ کے نشیبی علاقوں کو دریائی کٹاو سے محفوظ رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اورمیں وزیر اعلی پنجاب کے نمائندے کی حیثیت سے آپ کے سامنے موجود ہوں کیونکہ حکومتی فنڈزہمیشہ عوامی فلاح و بہبود ترقی وخوشحالی کے لیے خرچ کیے جاتے ہیں او رحکومت کو نشیبی علاقوں کی عوام سے یہ فنڈز پیارے نہیں ہیں اس لیے دریائی کٹاو سے بچاو کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاکر لانگ ٹرم و شارٹ ٹرم منصوبے مکمل کرتے ہوئے بھر پور ریلیف فراہم کیاجائے گااورابتدائی طور پرڈیڑھ کروڑروپے کی لاگت سے دریائی کٹاو کو روکنے کے لیے سٹڈکی تعمیر کا منصوبہ اسی سلسلہ کی عملی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری ،ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد ،سیکرٹر ی آب پاشی ،کیپٹن (ر)انجم ضیاء ،ڈی سی او سید واجد علی شاہ،ایکسین انہارآغا احسان اور متعلقہ افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے مزید کہا کہ دریائی کٹاو کو روکنے کے لیے عارضی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے پتھر ڈالنے کا کام شروع ہوچکا ہے جبکہ اس مسئلہ کے مستقل حل کے لیے ماہر ین کی ٹیم ماڈل سٹڈی کر رہی ہے، جس کی رپورٹ کی روشنی میں متاثرہ مواضعات کی 13یونین کونسلوں میں 45کلومیڑ طویل سپر بند تعمیر کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس کام کے لیے وسائل کو کسی قسم کی روکاوٹ نہ بننے دیا جائے گا کیونکہ وزیر اعلی پنجاب دریائی کٹاو کی اطلاع کو لیکر نہایت فکر مند ہے اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان و مال اور زرعی اراضی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں اور عارضی اور مستقل بندوبست کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت کیے بغیر فوری سروے کے ذریعے عملی اقدامات عمل میں لاے جائیں۔

اس موقع پر ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب متاثرین کٹاوکے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری پہلی درخواست پر ہی صوبائی وزیر آپ کے درمیان موجود ہیں۔اس موقع پر ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد نے کہا کہ مختلف مواضعات میں دریائی کٹاو سے متاثرہ عوام کے ریلیف کے لیے ضلع حکومت نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف کیمپس کا قیام،سروے کے عمل کا آغاز ،فوڈ آئٹمز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیاتھا اور چوبیس گھنٹے نگرانی کا عمل جاری ہے جومستقل بحالی تک جاری رہے گا۔

میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جوابات میں صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت دریائی کٹاو کے تدارک کے لیے جلد ہی مستقل طور پر ماڈل سٹڈی رپورٹ کی روشنی میں کام کا آغاز کر دے گی ۔اس موقع پر وہاں پر موجود متاثرین نے بھی مختلف مسائل کے بارئے میں توجہ مبذول کرائی ۔قبل ازیں ڈی سی او سید واجد علی شاہ نے صوبائی وزیر کو سرکٹ ہاوس میں دریائی کٹاو کے عمل،روک تھام ،ریلیف و بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارئے میں تفصیلی بریفینگ دی ۔

متعلقہ عنوان :