برجیس طاہر کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے تاریخی خطاب کی تعریف

جمعرات 22 ستمبر 2016 14:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے تاریخی خطاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کو موثر طور اجاگر کیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فورمز پر بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کر رہا ہے، وزیراعظم نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اوڑی میں بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حالیہ حملہ کو بھارتی سازش قرار دیا جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بدترین مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی وحشیانہ کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خراب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔