وزیراعظم محمد نواز شریف مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں ‘خرم دستگیر خان

جمعرات 22 ستمبر 2016 14:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں، پاکستان کشمیر یوں کی پرامن تحریک آزادی کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جس طرح کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے نسل در نسل اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں بالکل اسی طرح ہمیں بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تا کہ انہیں ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت مل سکے ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اورپاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا میں بلند کیا ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف 2014ء ہی سے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں اسی لیے انہوں نے ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو کھل کر بیان کیا اور کشمیریوں کے بنیادی حق حق خود ارادیت کی بات کی ہے، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے جس کے امن کے لیے موجودہ حکومت سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں اہم اقدامات بھی کیے گئے ہیں، افغانستان میں ہم نے کبھی کوئی مداخلت نہیں کی اور موجودہ حکومت نے افغان امن عمل کے لیے بہت اہم کوششیں کی ہیں، موجودہ حکومت آج بھی افغانستان سمیت خطے کے تمام ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام ہو، ایک اور سوال کے جواب میں خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان کسی پر بھی عسکری کاروائی نہیں کرے گا لیکن ہم اپنے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں اور اسی لیے وزیراعظم محمد نواز شریف نے نیویارک سے آرمی چیف سے بات چیت بھی کی ہے۔