اڑی سیکٹر حملہ ، بھارتی تحقیقات نے حکام کے ہوش اُڑا دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 ستمبر 2016 13:58

اڑی سیکٹر حملہ ، بھارتی تحقیقات نے حکام کے ہوش اُڑا دئے

بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 ستمبر 2016ء) : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اڑی سیکٹر پر حملے سے متعلق تحقیقات تاحال جاری ہیں۔ لیکن بھارت کی جانب سے کی گئی تحقیقات نے ان ہی کے ہوش اُڑا کر رکھ دئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں حملے میں اندرونی مدد کے اشارے ملنے لگے ہیں۔ اڑی سیکٹر حملے میں پاکستان کے خلاف شواہد نہ ملنے کے باوجود بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کو احتجاج کے لیے طلب کر لیا اور کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔

بھارتی نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا نہ تو کوئی ثبوت ملا اور نہ ہی حملہ آوروں سے متعلق کوئی معلومات حاصل ہو سکیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ اڑی سیکٹر کے حملہ آوروں کو بھارت کے اندر سے ہی مدد ملی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے حملہ آوروں سے برآمد ہونے والی مبینہ پاکستانی اشیا کی تصاویر اور تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کردی ہیں۔

اور انہیں پاکستان مخالف ثبوت بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، بھارتی حکام نے مزید کہا کہ اگر پاکستان تحقیق کرنا چاہے تو انہیں حملہ آوروں کے ڈی این اے اور فنگر پرنٹس سمیت دیگر شواہد فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت حملہ آوروں سے برآمد ہونے والی اشیائے خوردونوش کو پاکستان کے خلاف شواہد بنا کر پیش کر رہا ہے جس سے بھارت کی نیت صاف ظاہر ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :