بھارت 500ٹیسٹ میچز مکمل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا،پاکستان اگلے ماہ 400واں ٹیسٹ کھیلے گا

جمعرات 22 ستمبر 2016 13:54

بھارت 500ٹیسٹ میچز مکمل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا،پاکستان اگلے ماہ ..

کانپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22 ستمبر۔2016ء )بھارت ٹیسٹ میچز کی پانچ سنچریز مکمل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا، پاکستان آئندہ ماہ 400 واں ٹیسٹ ویسٹ انڈیزکیخلاف ڈے نائٹ کھیلے گا۔کانپورمیں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کا ٹاس ہونے کیساتھ ہی بھارت500ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے کلب کا چوتھا رکن بن گیا ۔ٹیسٹ کرکٹ کی 139سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ 976ٹیسٹ انگلینڈ نے کھیلے ہیں جس میں 350 میں اسے فتح اور284 میں شکست ہوئی جبکہ 342 ٹیسٹ ڈراہوئے ۔

آسٹریلیا نے 791 ٹیسٹ کھیل کرریکارڈ 372 فتوحات حاصل کیں اور211 ناکامیوں کا سامنا کیا، کینگروز کے دوٹیسٹ ٹائی اور206غیرفیصلہ کن رہے ۔ویسٹ انڈیز517 ٹیسٹ کھیل کر تیسرے نمبر پر ہے ،کالی آندھی164 میں فاتح اور 179 میں ناکام رہی، 1 میچ ٹائی اور173 بلانتیجہ ختم ہوئے ۔

(جاری ہے)

بھارت نے اب تک 499 ٹیسٹ میچز میں سے 129 جیتے اور157ہارے،1 میچ ٹائی اور 212ڈرا ہوئے ۔نیوزی لینڈ نے 412 ٹیسٹ میچز میں 85 کامیابیاں اور 166ناکامیاں سمیٹیں جبکہ 161 ڈرا ہوئے ۔

جنوبی افریقہ اب تک 402 ٹیسٹ میچ کھیل کر146میں سرخرو اور 134 میں شرمندہ رہا۔پاکستان 13اکتوبر کو اپنا 400واں میں ٹیسٹ میچ یواے ای میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پنک بال سے ڈے اینڈ نائٹ کھیلے گا۔ گرین کیپس نے بھارت سے100 ٹیسٹ کم کھیل کرصرف ایک فتح کم پائی ہے ۔113میں اسے شکست ہوئی اور158 غیرفیصلہ کن رہے ۔