محرم الحرام کے دوران منبر اور محراب سے اتحاد بین المسلمین کے فلسفہ کو فروغ دیا جائے ‘ ملک اقبال چنٹر

جمعرات 22 ستمبر 2016 13:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) صوبائی وزیر کو آپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران منبر اور محراب سے اتحاد بین المسلمین کے فلسفہ کو فروغ دیا جائے اور تمام مکاتب فکر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں کمشنر، بہاولپور ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ڈی سی اوز، پولیس افسران و دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ا نتظامی افسران ، علماء کرام سے باہمی رابطے کے ساتھ محرم الحرام کے انتظامات کو یکم محرم تک مکمل کرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ بہاولپورڈویژن بھر میں 1410مجالس اور 516محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی کے انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے اور 9500پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے تمام مکاتب فکر صلح جو امن پسند ہیں اور تمام مذہبی جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ امن وامان کی فضا ء کو یقینی بنایا جائے گا۔ تینوں اضلاع کے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز نے اجلاس کو محرم الحرام کے دوران انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرعلماء کرام ، سول سو سائٹی اور دیگر مکاتب فکر کے افراد اتحاد و اتفاق اور باہمی یگانگت کی فضاء کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے اظہار خیال کرتے ہوئے منبر اور محراب سے امن و سلامتی کے درس کی ترویج پر زور دیا ۔ علماء کرام نے مزید یقین دلایا کہ اس خطہ میں امن امان کی فضاء بر قرار رکھنے اور ملکی بقا و سلامتی کیلئے ہر مکتبہ فکر اپنا کر دار ادا کرے گا۔