بھارت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے‘ رانا محمد اقبال

جمعرات 22 ستمبر 2016 13:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام بھارت کے پنجہء استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں،ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا،تنقید برائے تنقید کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں ،ملکی استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو یکجہتی کا مظاہر ہ کرنا چاہیے،ملک کی حفاظت میں افواج پاکستان نے ہمیشہ قوم کا سرفخر سے بلند رکھا ہے، دہشت گردی کے خاتمہ میں افواج پاکستان کا کردار نہایت قابل تعریف ہے، دہشت گرد اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں، اب وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز امن کا گہوارہ بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر سے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر بھی موجود تھے۔ سپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں ملک الحمدللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔سپیکر نے امید ظاہر کی کے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کی قیادت میں کشمیر کاز کو حل کرنے میں مد د ملے گی اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

رانا محمدا قبال خاں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کوشاں ہیں اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہے ہیں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ ہندوستان70 سال گزرنے کے باوجود استصواب رائے سے پہلوتہی کر کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ کشمیر کی تیسری نسل غلامی کی زنجیروں سے آزادی کے لیے جدوجہدکرتے ہوئے جوان ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے۔ ایک لاکھ سے زائد کے قریب کشمیر ی جوان شہید ہو چکے ہیں۔حصول آزادی کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہیں بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔ سپیکر نے کہا کہ صحت ،تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نے یہ بات ثابت کی ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔ عوام کو انصاف مہیا کرنا اور ان کے حقوق کی دیکھ بھا ل کرنا اور ملکی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ بعد ازاں سپیکر نے اسمبلی کیفے ٹیریا میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :