وزیراعظم کی بان کی مون سے ملاقات ،نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے متعلق دستاویز پیش کیں

جمعرات 22 ستمبر 2016 12:22

وزیراعظم کی بان کی مون سے ملاقات ،نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء ) وزیراعظم نواز شریف نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اورنہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے متعلق دستاویز ان کے حوالے کی ، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے ان بے گناہ اور نہتے افراد کی دلخراش تصاویر دکھائیں جنہیں حکومتی سطح پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے مظالم کا نشانہ بنایا گیا ۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں خطاب کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی کے ثبوت اور تصاویر دیں جنھیں دیکھ کر بان کی مون نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے پیلٹ گن کا استعمال غیر قانونی اور غیر انسانی قرار دیا جس کے استعمال سے ہزاروں کشمیری بچے اور مرد و خواتین زخمی ہوئے۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مضبوط موقف اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انھوں نے بان کی مون کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب سے بھی دلائی جس کے نتیجے میں گذشتہ 74 دنوں کے دوران اب تک 100 سے زائد افراد شہید اور کئی ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے متحرک کردار کو قابل تعریف قرار دیا اور دنیا میں قیام امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :