پی ڈی اے میں سزاء وجزاکا عمل، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر1اہلکار نوکری سے فارغ

بلڈنگ انسپکٹر اور ہیوی مشینری آپریٹر کو غیر تسلی بخش کارکردگی پر نوٹس،مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت

بدھ 21 ستمبر 2016 23:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء)پشاورڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی اے)میں سزاء وجزاکا عمل جاری رکھتے ہوئے حکام نے 1اہلکار کوڈسپلن کی خلاف ورزی پرنوکری سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ غیرتسلی بخش کارگردگی پر 2اہلکاروں کو جھاڑپلاتے ہوئے انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل پی ڈی اے کے دفترسے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سینئرکلرک پی ڈی اے اعجازرحیم کوٹرانسفرپوسٹنگ کے دوران احکامات کی عدم تعمیل اورڈسپلن ومروجہ رولز کی خلاف ورزی پر نوکری سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اسی طرح بلڈنگ انسپکٹرعارف میر اور ہیوی مشینری آپریٹرمعراج محمدکوغیر تسلی بخش کارکردگی پر شوکازنوٹس جاری کیا گیا جس میں غیر تسلی بخش جواب نہ ملنے پر دونوں اہلکاروں کو مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔