نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ملک کا سب سے اعلیٰ ادارہ ہے قمر زمان چوہدری

نیب افسران ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے مزید دیانتداری اور چوکس ہوکر کام کریں اجلاس میں ہدایت نیب کراچی نے2016ء کے دوران3286شکایات کو نمٹایا ہے اجلاس میں بریفنگ

بدھ 21 ستمبر 2016 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ملک کا سب سے اعلیٰ ادارہ ہے۔وہ کراچی بیورو کی وسط مدتی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کرنل ریٹائرڈ نعیم السراج نے چیئرمین نیب کو نیب کراچی بیورو کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بد عنوانی کے خاتمے کیلئے اپنی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر چیئرمین نیب کی انسپکشن ٹیم نے 2016کے دوران معیاری گریڈنگ نظام کی بنیاد پر نیب کراچی کی وسط مدتی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ نیب کراچی نے2016ء کے دوران3286شکایات کو نمٹایا ہے، شکایات نمٹانے کی یہ تعداد گزشتہ سالوں کے اسی عرصہ کے دوران نمٹائی گئی شکایات میں سب سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

2016ء میں نیب کراچی کے109میں سے33شکایات کی جانچ پڑتال مکمل کی۔151انکوائریوں میں سے 38انکوائریاں جبکہ 143میں سے40انوسٹی گیشن میرٹ پر مکمل کی گئیں جبکہ نیب کراچی نے 2016ء کے دوران50ریفرنسز عدالتوں میں دائر کئے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا قیام ملک کے انسداد بد عنوانی کے اعلیٰ ادارے کے طور پر عمل میں لایا گیا اور اسے آگہی، تدراک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، قومی احتساب بیورو نیب آرڈنینس1999ء کے تحت کام کرتا ہے جس کے دائرہ اختیار میں فاٹا ، گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان آتا ہے، نیب کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہے جبکہ اس کے علاقائی بیورو کراچی ، لاہور ، پشاور کوئٹہ، سکھر، ملتان اور راولپنڈی میں واقع ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ کراچی بیورو نیب کا اہم علاقائی بیورو ہے جو نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کے معیاری گریڈنگ نظام کے تحت جائزہ کے مطابق 2016ء کے دوران کراچی بیورو کی کارکردگی شاندار رہی ہے نیب نے سربراہی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے نیب کراچی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کیلئے سخت محنت کریں۔ انہوں نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے مزید دیانتداری اور چوکس ہوکر کام کریں۔

متعلقہ عنوان :