اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری اور سویڈن کے سفیر کی الگ الگ ملاقاتیں مختلف امورپر تبادلہ خیال

اے ڈی بی طویل عرصہ سے پاکستان کا ترقیاتی شراکت دار ہے ملکی ترقی کیلئے یہ تعاون جاری رہے گا وزیر خزانہ

بدھ 21 ستمبر 2016 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد ا سحاق ڈار نے کہا ہے کہ اے ڈی بی طویل عرصہ سے پاکستان کا ترقیاتی شراکت دار ہے ملکی ترقی کیلئے یہ تعاون جاری رہے گا ۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ہیڈ ورنر لیپاک نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں سنٹرل ایشیاء ریجنل اکنامک کوآپریشن منسٹریل کانفرنس کے ایجنڈے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا جو آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہو گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ہیڈ نے وزیر خزانہ کو بینک کی طرف سے اس کانفرنس کے انعقاد کے سلسلہ میں اب تک کی جانے والی کوششوں اور تیاریوں سے آگاہ کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس اپنے اہداف حاصل کرے گی اور اس میں رکن ممالک کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ اے ڈی بی طویل عرصہ سے پاکستان کا ترقیاتی شراکت دار ہے اور ملکی ترقی کیلئے یہ تعاون جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے علاقائی انفراسٹرکچر کی ترقی اور تجارتی سہولیات کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ملاقات میں وزارت خزانہ اور اکنامک افیئرز ڈویژن کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء فاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے سویڈن کی سفیر مس انگریڈ جوہانسن نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سویڈن کی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے کام کریں گی انہوں نے ملکی معیشت میں بہتری کیلئے گذشتہ تین سالوں کے دوران کئے گئے اقدامات اور اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے میں سویڈن کی سفیر کو آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان نے معاشی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ہمارا گروتھ ریٹ 4.4 فیصد ہو چکا ہے اور افراط زر میں ریکارڈ کمی آئی ہے، اس کے علاوہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں بھی سفیر کو آگاہ کیا جس سے غریب اور مستحق افراد کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔ سویڈن کی سفیر نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنے کراچی کے دورہ کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ کراچی میں انہوں نے مفید دوطرفہ ملاقاتیں کی ہیں۔

انہوں نے ڈیجیٹل فنانشل سروسز اور روڈ سیفٹی کے حوالہ سے پنجاب حکومت اور ایس بی پی کے ساتھ اشتراک کار کے بارے میں بھی بتایا۔ ملاقات میں اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ آئی ٹی کے شعبہ میں سویڈن بہت آگے ہے اور پاکستان میں مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ رابطے استوار کرنے کیلئے کافی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اریکسن، والوو، ساب اور سکینیا جیسی کمپنیاں دنیا کی بڑی کمپنیاں ہیں جنہوں نے سویڈن کو معاشی طور پر مضبوط راستے پر گامزن کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں سویڈن کی صلاحیت کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن کے علاوہ وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :